پاکستان میں ٹیکنالوجی کےشعبہ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں،غیر ملکی کمپنیوں کو ہر ممکنہ سہولیات دی جائیں گی، وزیر اعظم شہباز شریف کی ہواوے کے سینئر نائب صدر اورمڈل ایسٹ وافریقہ ریجن کے صدر ژی ژیانگ سے ملاقات میں گفتگو

119

اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی کےشعبہ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں،غیر ملکی کمپنیوں کو ہر ممکنہ سہولیات دی جائیں گی۔وزیر اعظم جمعہ کو یہاں ہواوے کے سینئر نائب صدر اورمڈل ایسٹ وافریقہ ریجن کے صدر ژی ژیانگ سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کررہے تھے۔

وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ غیرملکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ہر ممکنہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی،موجودہ حکومت کا ارادہ ہے کہ آنے والے سالوں میں پاکستان کی آئی ٹی شعبہ کی برآمدات ڈیڑھ ارب سے بڑھا کر15 ارب ڈالر تک بڑھائی جائیں،اس ضمن میں ہواوے کمپنی کی جانب سے پاکستان کے نوجوانوں کو آئی سی ٹی  اکیڈمیزکے قیام سمیت دیگر ضروری تربیت کی فراہمی سے ہی ممکن ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے شعبہ میں سرمایہ کاری سے روزگار میں اضافہ اور پاکستانی نوجوانوں بالخصوص خواتین کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ای کامرس کے شعبہ میں خواتین کی تعداد بڑھانے کے لئے انہیں سازگار ماحول کی فراہمی،تربیت اور سرمایہ بڑھانے کے لئے خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ایک ہفتہ میں مربوط کوششوں کو تیز کرنے کے لئے حکمت عملی وضع کی جائے۔انہوں نے حکومت کے اس عزم سے آگاہ کیا کہ ان مقاصد کے حصول کے لئےحکومت کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی۔

وزیراعظم نے ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ہواوے کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور پاکستان کے ساتھ طویل رفاقت پر اطمینان کا اظہار کیا۔سینئرنائب صدر ہواوے و صدر مڈل ایسٹ و افریقہ ژی ژیانگ نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان میں ہواوے کا دائرہ کار بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ ،چینی سفارتخانے کی ناظم الامور پانگ چنزیو بھی ملاقات میں موجود تھے۔