پاکستان میں چاول کی پیداوار 6 ملین ٹن سے تجاوز کر گئی

297

فیصل آباد۔19دسمبر (اے پی پی):دنیا بھر میں چاول کی مجموعی پیداوار 483 ملین ٹن اور پاکستان میں 6 ملین ٹن سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ پاکستان دنیا بھر میں چاول پیداکرنے والے ممالک کی فہرست میں چودھویں اور برآمد کرنے والے ممالک کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آگیا ہے نیز 6ملین ٹن پاکستانی چاول میں سے دنیا بھر کے مختلف ممالک کو برآمد کئے جانےوالے چاول کی مقدار پونے چار ملین ٹن ہے۔ محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ دنیا کے چاول درآمدکنندگان بڑے ملکوں میں نائیجیریا، ایران، چین، فلپائن اور انڈونیشیا جبکہ چاول برآمد کرنے والے ممالک میں انڈیا، ویت نام، تھائی لینڈ، پاکستان، برازیل اور یوراگوئے شامل ہیں۔انہوں نے بتایاکہ پاکستان میں کپاس کے بعد چاول دوسری بڑی نقد آور فصل ہے جو کل کاشتہ رقبہ کے 11فیصد پر کاشت کی جاتی ہے اور جس سے سالانہ 2ارب روپے کا زرمبادلہ حاصل ہوتا ہے۔انہوں نے بتایاکہ چاول کے کل کاشتہ رقبہ میں سے 71فیصد پنجاب میں کاشت ہوتا ہے اور چاول کی ملکی پیداوار کا 63فیصد پنجاب سے حاصل ہوتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ امسال صوبہ پنجاب میں 43لاکھ 98ہزار ایکڑ رقبہ دھان کے زیر کاشت لایا گیا جس سے 34لاکھ15ہزار ٹن چاول کی پیداوار حاصل ہو ئی ہے اس طرح اوسط پیداوار 35من فی ایکڑ رہی۔انہوں نے بتایاکہ رائس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی طرف سے دھان کی 22اقسام متعارف کرائی گئی ہیں جن میں سے 13اقسام اس وقت پنجاب میں عام کاشت کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ رائس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں دھان کی زیادہ پیداوار کی حامل نئی اقسام کی دریافت پر تحقیق کے نتیجہ میں 1947-48کے مقابلہ میں اب تک دھان کے زیر کاشت رقبہ میں 530فیصد، پیداوار میں 1195فیصد جبکہ فی ایکڑ پیداوار میں 120فیصد اضافہ ہوا ہے۔