پاکستان میں چین کے سفارتخانے کی کراچی میں چینی قونصل خانے پر دہشت گرد انہ حملے کی شدید مذمت

64

اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی) پاکستان میں چین کے سفارتخانے نے کراچی میں چینی قونصل خانے پر دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں کوئی چینی شہری ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔ جمعہ کو چینی سفارتخانے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اب صورتحال کنٹرول میں ہے اور تینوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ ہم پاک فوج اور پولیس کو حملہ آوروں کے خلاف بروقت کارروائی پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ بیان میں حملے میں دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان ملک میں چینی اداروں اور اہلکاروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی اہلیت رکھتا ہے اور پاک چین تعلقات کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنا دیا جائے گا۔