پاکستان میں ڈنمارک کے سفیر کا ضلع سانگھڑ کے شہر کھپرو کا دورہ

303

حیدرآباد۔22ستمبر (اے پی پی):پاکستان میں ڈنمارک کے سفیر جیکب لنولف نے ضلع سانگھڑ کے سہر کھپرو کا دورہ کیا ہے اور وہاں ڈینش ایمرجنسی منیجمینٹ (ڈی ای ایم اے) کی جانب سے بارش اور سیلاب متاثرہ لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے نصب شدہ پلانٹ کا معائنہ کیا۔ جمعرات کو اس موقع پر انہیں ڈی ای ایم اے حٌکام کی جانب سے پانی کو صاف کرنے کے نظام کے حوالے سے انہیں بریفنگ دی گئی اور اس پروگرام کی اہم خصوصیات کا تعارف کروایا گیا۔

انہیں بتایا گیا کہ بارشوں کے کھڑے پانی کو جدید مشینری کی ذریعے صاف شفاف بنایا جاتا ہے اور بعد ازاں وہ مختلف برتنوں میں پیک کرکے متاثرین کو فراہم کیا جاتا ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ تقریباً ایک لاکھ لیٹرز صاف پانی سڑکوں اور کیمپوں میں رہنے والے بارش اور سیلاب متاثرین کو فراہم کیا جاتا ہے تاکہ وہ ہیضہ ، گیسٹرو، دست سمیت پانی سے پیدا ہونے والی مختلف بیماریوں سے خود کو بچا سکیں۔

اس موقع پر "اے پی پی” سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈینمارک کے سفیر جیکب لنولف نے کہا کہ ڈینمارک کی حکومت نے اقوام متحدہ، یورپی یونین اور دیگر عالمی غیر سرکاری تنظیموں کو فنڈز فراہم کرنے کے علاوہ کھپرو میں بارش اور سیلاب متاثرین کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے واٹر پیور ی فیکیشن پلانٹ نصب کیا ہے اور یہ پلانٹ ڈینش ایمرجنسی منیجمنٹ ایجنسی کی جانب سے چلایا جارہا ہے جس سے تقریباً ایک لاکھ لیٹرز پانی کو صاف کرکے اہل علاقہ کو فراہم کیا جارہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈی ای ایم اے نے سندھ میں نہ صرف یہ پلانٹ نصب کیا ہے بلکہ اقوام متحدہ اور یورپی یونین کے ذریعے بھی لوگوں کی امداد کی جارہی ہے۔ انہوں نے پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے جانی نقصان پر متاثرہ خاندانوں سے اظہار افسوس کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ڈنمارک حکومت مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کے عوام کو امداد فراہم کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ شدید بارشوں اور سیلاب نے پاکستان میں تباہی پھیلائی ہے اور بنیادی ڈھانچہ شدید متاثر ہوا ہے۔

قبل ازیں انہوں نے کھپرو کے واٹر سپلائی تالاب میں نصب کردہ پیوری فیکیشن پلانٹ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈی ای ایم اے کے نمائندگان نے انہیں پلانٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔ بعد ازاں سفیر نےمتاثرین کے کیمپ کا دورہ کیا اور بچوں میں پینے کے صاف پانی کی بوتلیں، بسکٹس، چاکلیٹ اور دیگر کھانے پینے کی اشیا تقسیم کیں۔ اس موقع پر مس ماریہ، ایرک، سی ای او مرسک ، وجیہہ الدین احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے نعیم سومرو اور دیگر بھی موجود تھے۔