پاکستان میں ہماری بہترین مہمان نوازی کی گئی،ٹیم منیجر بھارتی کبڈی ٹیم

105

لاہور۔14 جنوری(اے پی پی )بھارت کی کبڈی ٹیم سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام ہونیوالے انٹرنیشنل کبڈی ٹاکرا میں شرکت کے بعد بھارت روانہ ہوگئی۔ ہوٹل سے روانگی کے وقت پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا سرور، ڈائریکٹر ٹورنامنٹ شاہد فقیر ورک اور رمضان گھمن نے ٹیم کو روانہ کیا۔ اس موقع پر بھارت کی کبڈی ٹیم کے منیجر گلدیب سنگھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام ہونےوالے انٹرنیشنل کبڈی ٹاکرا جیسے ایونٹس ہوتے رہنے چاہیں۔ پنجاب حکومت اور سپورٹس بورڈ پنجاب کا کبڈی کے فروغ کےلئے یہ بہترین اقدام تھا ہم سپورٹس بورڈ پنجاب اور پاکستان کبڈی فیڈریشن کے مشکور ہیں۔ پاکستان میں ہماری بہترین مہمان نوازی کی گئی اور جو پیار ملا وہ ناقابل فراموش ہے۔ اس موقع پر بھارت کی کبڈی ٹیم کے کپتان پرتاب سنگھ نے کہا کہ پاکستان میں ہمیں جو پیار ملا ہے وہ ہمیشہ یاد رہےگا، وزیرکھیل پنجاب رائے تیمورخان بھٹی، ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور اور پاکستان کبڈی فیڈریشن کے عہدیداران کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں اور امید ہے کہ اس طرح کے شاندار ایونٹس کا انعقاد جاری رہےگا۔ شاہد فقیر ورک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھارت کی ٹیم اور آفیشلز کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ٹورنامنٹ میں شرکت کی،شائقین کو بہترین کبڈی دیکھنے کو ملی ہے جس سے کبڈی کے کھیل کو فروغ ملے گا۔