پاکستان نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا میں ہمارے مفادات کے لیے ناگزیر ہے، امریکی ترجمان

269
پاکستان نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا میں ہمارے مفادات کے لیے ناگزیر ہے، امریکی ترجمان

اقوام متحدہ۔17نومبر (اے پی پی):امریکا نے کہا ہے کہ پاکستان نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا میں ہمارے مفادات کے لیے ناگزیر ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور خوشحال اور جمہوری پاکستان امریکا کے مفادات کے لیےہمیشہ سے ناگزیر ہےجس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی ایک سیاسی رہنما کے مقابلہ میں دوسرے کی یا ایک سیاسی جماعت کے مقابلہ میں دوسری سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کرتے،ہم جمہوری، آئینی اور قانونی اصولوں پر پرامن انداز میں عملدرآمد کی حمایت کرتے ہیں۔ خوشحال اور جمہوری پاکستان امریکا کے لیے اہم ہے۔

پاکستان کے ساتھ ہمارا دیرینہ تعاون بدستور برقرار ہے۔انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے اقتدار کے خاتمے پر امریکا کو ذمہ دار ار ٹھہرانے کے الزامات واپس لینے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور قابل قدر دوطرفہ شراکت داری کی راہ میں پروپیگنڈے اور غلط فہمی یا غلط معلومات کو نہیں آنے دیں گے۔

امریکی نائب ترجمان نے کہا کہ جیسا کہ ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ ان الزامات میں کبھی کوئی سچائی نہیں تھی اور نہ ہی ہے اور اس موضوع پر ہمارے پاس مزید کچھ کہنے کے لئے نہیں ۔ انہوں نے سابق وزیراعظم کے روس کے دورے سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز کیا۔