پاکستان نیوی کا ساحلی اور کریکس کے علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری

134

اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):پاکستان نیوی کا ساحلی اور کریکس کے علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے جبکہ سندھ حکومت کی خصوصی درخواست پر پاک بحریہ نے امدادی آپریشنز کا دائرہ کار سانگھڑ، قمبر شہداد کوٹ، سکھر، بکرانی، لاڑکانہ، میرپور خاص اور دادو کے مختلف علاقوں تک بڑھا دیا ہے۔

اتوار کو پاک بحریہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے اہلکاروں نے سیلاب زدہ علاقوں سے گھروں میں پھنسے مقامی لوگوں کو ریسکیو کیا اور ہیلی کاپٹر اور کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ ضلع دادو کے گاؤں گوٹھ محمد حسن چانڈیو کے تمام رہائشی جو سیلابی پانی کے باعث محصور تھے انہیں سی کنگ ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کر کے محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا۔ 6 فٹ تک پانی اور زمینی رابطہ منقطع ہونے کے باعث متاثرہ افراد نے گھروں کی چھتوں پر پناہ لے رکھی تھی۔

مختلف علاقوں میں پاک بحریہ کے دستوں نے زمینی اور فضائی ذرائع سے خشک راشن، پکا ہوا کھانا، پینے کا صاف پانی، خیمے اور دیگر گھریلو اشیاء متاثرہ لوگوں اور بالخصوص گھروں میں محصور افراد میں تقسیم کیں۔ مزید برآں، پاک بحریہ کی جانب سے قائم کیے گئے میڈیکل کیمپس بھی ان علاقوں میں متاثرہ عوام کو ابتدائی طبی امداد اور مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔پاک بحریہ مصیبت زدہ ہم وطنوں کی بحالی تک ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔