29.6 C
Islamabad
جمعرات, مئی 8, 2025
ہومتازہ ترینپاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، پاک فوج نے...

پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، پاک فوج نے صرف پندرہ منٹ کے فضائی معرکے میں پانچ بھارتی جنگی طیارے مار گرائے، پاکستان اپنے دفاع کا بھرپور حق رکھتا ہے، عطاء اللہ تارڑ

- Advertisement -

اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، پاکستان نے عالمی قانون کے مطابق دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے پانچ بھارتی جنگی طیارے مار گرائے۔

الجزیرہ ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت نے بغیر کسی جواز کے عام شہریوں پر حملہ کیا، جس کے جواب میں پاکستان نے اپنے دفاع میں پانچ بھارتی جنگی طیارے مار گرائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کی خلاف ورزی کی جس کے بعد پاک فوج کو وقت اور جگہ کا تعین خود کرنے کی مکمل آزادی دی گئی۔

- Advertisement -

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن جب بات ملکی دفاع اور وقار کی ہو تو ہم جارح کو موثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کے مقابلے میں پاکستانی افواج زیادہ تربیت یافتہ، پیشہ ور اور موثر ہیں جنہوں نے صرف پندرہ منٹ کے فضائی معرکے میں بھارت کے جدید طیارے تباہ کئے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کی افواج نے اپنی مہارت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور جنگی تیاری کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے دنیا کو دکھا دیا کہ پاکستان کی فوج دنیا کی بہترین افواج میں شامل ہے۔ بھارتی حملے کے جواز کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے پہلگام حملے کا الزام پاکستان پر لگایا گیا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ بھارت نے خود اپنی ناکامی کو چھپانے اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی توجہ ہٹانے کے لیے یہ حربہ اپنایا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام حملے کی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی لیکن بھارتی حکومت اس پر خاموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کے ذریعے پانی سے محروم نہیں کر سکتا۔ اگر بھارت نے پانی بند کرنے یا رخ موڑنے کی کوشش کی تو یہ اعلان جنگ تصور ہوگا اور پاکستان سخت جواب دے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے عالمی رہنماؤں سے رابطے کیے ہیں اور موجودہ صورتحال کے خاتمے کے لیے علاقائی اور عالمی سطح پر کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کشیدگی کم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے لیکن موجودہ حالات میں بھارت کی جارحیت کے باعث کشیدگی میں کمی کے آثار نظر نہیں آ رہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں واضح کیا گیا ہے کہ نہتے شہریوں، خواتین اور بچوں پر حملے ہرگز برداشت نہیں کئے جا سکتے۔ بھارت نے بلاجواز اور ثبوت کے بغیر پاکستان پر حملہ کر کے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے اور اسے اس کا جواب دینا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو کسی بھی ملک یا فریق سے اس حملے پر حمایت نہیں ملی اور بین الاقوامی برادری نے دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیر اطلاعات نے اپنی گفتگو کے اختتام پر کہا کہ بھارت کو پیچھے ہٹنا ہوگا، ورنہ نتائج بھگتنا ہوں گے۔ پاکستان اپنے تمام دفاعی آپشنز محفوظ رکھتا ہے اور اپنے عوام اور سرزمین کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594209

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں