اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت کے ماحول دوست اقدامات کی بدولت پاکستان نے عالمی یوم ماحولیات 2021ء کی میزبانی کا اعزاز حاصل کیا۔ جمعرات کو جاری اقتصادی جائزہ 21-2020ء کے مطابق 5 جون 2021ء کو پاکستان کی میزبانی میں دنیا بھر میں قدرتی ماحول کی بحالی کے عنوان سے ماحولیات کا عالمی دن منایا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں دنیا بھر سے عالمی رہنمائوں، ماہرین ماحولیات، عالمی اداروں کے سربراہان و نمائندوں نے بھی ورچوئل شرکت کی۔ اس موقع پر فطرت کے ساتھ تعلق قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ عالمی یوم ماحولیات کے ساتھ اقوام متحدہ کی دہائی برائے بحالی ایکو سسٹم 30-2021ء کا بھی باضابطہ افتتاح کیا گیا۔
اس موقع پر قدرتی ماحول کے تحفظ اور بحالی کیلئے پاکستان کی کوششوں اور کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا۔ عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی دراصل ماحولیات کے شعبہ میں پاکستان کے قائدانہ کردار کا اعتراف ہے۔