پاکستان نے نارروال میں گوردوارہ کرتارپور صاحب کے قریب مبینہ ٹریننگ کیمپس کی موجودگی بارے بھارتی میڈیا کی رپورٹس کو مسترد کردیا ، ترجمان دفترخارجہ

157

اسلام آباد ۔ 4 نومبر (اے پی پی) پاکستان نے بھارتی میڈیا کی نارروال میں گوردوارہ کرتارپور صاحب کے قریب مبینہ ٹریننگ کیمپس کی موجودگی کے بارے میں رپورٹس کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے یکسر مسترد کردیا۔ دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان کا کرتارپور سے متعلق جذبہ کا مقصد نانک نام لیواﺅں بالخصوص سکھ برادری کو سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی انتہائی مقدس عبادت گاہ کا دورہ کرسکیں اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ مل سکے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی میڈیا کے ایک حصے میں پیش کی جانے والی خبریں ناپاک پروپیگنڈہ مہم کا حصہ ہیں جو قابل مذمت ہے۔ ترجمان نے کہا کہ گوردوارہ کرتار پور صاحب کے متعلق من گھڑت الزامات کا مقصد پاکستان کے خیرسگالی کے پیغام کو غلط رنگ دینا‘ کرتارپور راہداری منصوبہ کو نقصان اور دنیا بھر میں سکھ برادری کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ شرارت پر مبنی ایسی کوششیں اسی حقارت کے ساتھ مسترد کردی جائیں گی جس کی یہ مستحق ہیں۔