پاکستان نے نہ صرف جنگی بلکہ سفارتی محاذ پر تاریخی کامیابیاں حاصل کی ہیں، پوری قوم اور امت مسلمہ کو بہادر افواج پر فخر ہے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی

5

ہری پور۔ 28 جون (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے مسائل خود حل کرنا ہوں گے، حالیہ بھارتی جارحیت میں پاکستان نے نہ صرف جنگی بلکہ سفارتی محاذ پر بھی تاریخی کامیابیاں حاصل کیں، بھارت کو ہر میدان میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستانی سفارتی وفد نے بین الاقوامی سطح پرملک کا موقف بھرپور انداز میں پیش کیا۔ وہ ہفتہ کو دورہ ہر ی پور کے دورہ کے موقع پر ہری پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیراہتمام پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں صدر ہری پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز شہباز خان نیازی، تحصیل چیئرمین ہری پور سمیع اﷲ خان، ایم ڈی سید اسلامیہ سکول اینڈ کالج سید سکندر منصور شاہ کے علاوہ ہری پور چیمبر آف کامرس کے ممبران و عہدیداران کی بڑی تعداد شریک تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بھارتی جارحیت ہمارے لئے ایک بڑا امتحان تھا جس کا پاک افواج نے بھرپور اور منہ توڑ جواب دیکر ایک نئی مثال قائم کی، یہ کامیابی نہ صرف عسکری بلکہ سفارتی میدان میں بھی پاکستان کی فتح ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے اس امر پر فخر کا اظہار کیا کہ پہلی مرتبہ ایک پاکستانی فیلڈ مارشل کو امریکی صدر نے مہمان نوازی کا شرف بخشا جو ملکی تاریخ کی سب سے بڑی سفارتی کامیابیوں میں سے ایک ہے، پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ انہوں نے وفاقی حکومت کو تجویز دی ہے کہ سکیورٹی فورسز، پولیس اور لیویز کے شہداءکے ورثاءکو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت کارڈز جاری کئے جائیں تاکہ انہیں مالی مدد فراہم کی جا سکے۔ فیصل کریم کنڈی نے ملکی معیشت کے استحکام میں تاجر برادری کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا سیاحت کے لحاظ سے موزوں صوبہ ہے، مذہبی سیاحت کے بھی بے پناہ مواقع دستیاب ہیں اور ملک بھر سمیت بیرون ملک کے سیاح خیبر پختونخوا آتے ہیں لیکن حالیہ سوات جیسے حادثات کی وجہ سے سیاح صوبہ میں آنے سے گریز کرتے ہیں، صوبائی حکومت کو سیاحتی علاقوں میں نہ صرف سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی بلکہ سیاحوں کی حفاظت کیلئے بھی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیاحوں کو کوئی سہولیات میسر نہیں ہیں، گذشتہ 12 سال سے صرف بیان بازی کی سیاست کی جا رہی ہے، سانحہ سوات پر وزیراعلیٰ کو مستعفی ہو جانا چاہئے۔