پاکستان نے نیوزی لینڈ کو تیسرے ون ڈے میچ میں شکست دیدی، قومی ٹیم کو سیریز میں 0-3کی فیصلہ کن برتری حاصل

175
پاکستان نے نیوزی لینڈ کو تیسرے ون ڈے میچ میں شکست دیدی، قومی ٹیم کو سیریز میں 0-3کی فیصلہ کن برتری حاصل

کراچی۔3مئی (اے پی پی):پاکستان نے نیوزی لینڈ کو تیسرے ایک روزہ میچ میں 26 رنز سے شکست دیکر پانچ میچوں کی سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی،قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز بنائے جبکہ جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 49.1 اوورز میں 261 رنز پر ڈھیر ہوگئی، 90 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے امام الحق کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، نیوزی لینڈ کے ڈییبو کرنے والے کول میک کونچی کی 64 رنز کی اننگز رائیگاں گئی،پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف 12سال بعد کھیلی جارہی ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز میں کامیابی حاصل کی ہے۔

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں بدھ کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر287 رنز بنائے، ۔پاکستانی ٹیم نے پاور پلے کے ابتدائی 10 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر صرف 40 رنز بنائے جبکہ 75 گیندوں پر مجموعی طورپر 50 رنز بنائے جاسکے۔ اسی طرح انہوں اپنی اننگز کے 100 رنز134 گیندوں پر مکمل کئے۔قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 8.2 اوورز میں گری،سیریز کے ابتدائی دو میچوں میں سنچری سکور کرنے والے اوپنر فخرزمان صرف 19 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

کپتان بابراعظم 62 گیندوں پر ایک چھکا اور تین چوکوں کی مدد سے 54 رنز بناکر میٹ ہنری کی گیند پر بولڈ ہوئے۔امام اور بابر نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 121 گیندوں پر 108 رنز بنے۔ قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے، انہوں نے 38 اوورز تک بیٹنگ کی اور 107 گیندوں پر ایک چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 90 رنز بنائے اور وہ ایڈم ملنے کی گیند پر بولڈ آئوٹ ہوئے۔رضوان 32، سلمان آغا 31اورعبداللہ شفیق 19 رنز بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ شاداب 21 اور محمدنواز11 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری نے اپنے مقررہ 10 اوورز میں 54 رنز کے عوض 3 اور ایڈم ملنے نے 56 رنز دیکر 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ کول میک کونچی ایک وکٹ حاصل کرسکے۔پاکستان کے 288رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 49.1 اوورز میں 261 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ نیوزی لینڈ نے اپنے ابتدائی 10 اوورز کے پاور پلے میں بغیر کسی نقصان کے 57 رنز سکور کئے، ان اوپنرز ول ینگ اور وکٹ کیپر بیٹسمین ٹام بلنڈل 83 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی تاہم اس موقع پر ینگ 41 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے33 رنز بناکر آغا سلمان کی گیند پر رن آئوٹ ہوگئے۔

جس کے بعد ڈیرل مچل مجموعی اسکور 113 پر محمد وسیم کی گیند پر عبداللہ شفیق کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، انہوں نے24 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنائے۔کیویز کے تیسرے آئوٹ ہونے والے بیٹسمین ٹام بلنڈل تھے جنہوں نے 78 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 65 رنز بنائے جو محمدوسیم کی تھرو پر وکٹ کیپر محمد رضوان ہاتھوں رن آئوٹ ہوئے۔

کپتان ٹام لیتھم 60 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 45 رنز بناکر محمد وسیم کی گیند پر بولڈ آئوٹ ہوئے۔ڈبیو کرنے والے کول میک کونچی نے خوبصورت اننگز کھیلی اور 64 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انہوں نے اپنی اننگز میں 45 گیندوں پر 2 چھکے اور 6 چوکے بھی لگائے۔ مارک چیپ مین13اور ایڈم ملنے3رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ پاکستان کے بالرزنسیم شاہ، محمد وسیم اور شاہین آفریدی نے بالترتیب 41، 50اور 52 رنز دیکر دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔