دبئی۔24اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹس میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں شکست کی روایت توڑ ڈالی، گرین شرٹس نے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2021ءمیں بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر یہ کارنامہ انجام دیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹس کی تاریخ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مجموعی طور پر 6 بار مدمقابل ہوئیں جن میں بھارت کا پلڑا بھاری رہا، چار میچز میں بھارتی ٹیم کامیاب رہی،
ایک میچ پاکستان کے نام رہا جبکہ ایک میچ ٹائی ہوا، ٹی ٹونٹی عالمی مقابلوں میں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا معرکہ 2007ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہوا تھا جو ٹائی ہو گیا تاہم بال آئوٹ پر بھارت نے پاکستان کو شکست دی تھی، اسی ورلڈ کپ کے فائنل میں دونوں ٹیموں کا ایک بار آمنا سامنا ہوا تھا جس میں بھی جیت بھارت کا مقدر بنی۔
اس کے بعد 2012 میں کھیلے گئے ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیمیں تیسری بار آمنے سامنے آئیں اور اس میچ میں بھارت نے8 وکٹوں سے فتح سمیٹی۔ بنگلہ دیش میں2014 کے ٹی 20 ورلڈکپ میں بھی پاک بھارت ٹاکرا ہوا جس میں بھارت نے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی،
اسی طرح 2016 کے ورلڈ کپ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے ہرا کر عالمی مقابلوں میں فتوحات کا ریکارڈ برقرار رکھا تاہم 2021ءورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دے کر تاریخ بدل ڈالی۔