پاکستان نے چوتھی کمبیکس ایشین تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں دو گولڈ میڈلز جیت لیے

224
ایشین تائیکوانڈو چیمپئن شپ

اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):پاکستان کی پاکیزہ خان اور اسرا گل نے لیاقت جمنازیم میں پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے زیر اہتمام جاری چوتھی کمبیکس ایشین اوپن انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ (G2) کے جونیئر کیٹیگری کے پہلے دن کے میچوں کے دوران اپنے اپنے مقابلے جیت کر گولڈ میڈلز حاصل کیے۔

پاکستان سپورٹس کمپلیکس، میں خواتین کی -63 کلوگرام کیٹیگری میں پاکیزہخان نے یکطرفہ مقابلے میں ہم وطن نظرہ جمال کو 2-0 سے ہرا کر گولڈ میڈل حاصل کیا۔ خواتین کی-55 کلوگرام کیٹیگری میں پاکستان کی ارسہ گل نے بھی ہم وطن عجوہ ندیم کو 2-0 سے ہرا کر گولڈ میڈل حاصل کیا۔

خواتین کی -49 کلوگرام کیٹیگری میں بحرین کی یارا بنتھانی نے پاکستان کی ایمن خان کو 2-1 سے زیر کر کے گولڈ میڈل جیتا۔ -63 کلوگرام مرد کیٹیگری میں، متحدہ عرب امارات کے عمر اسماعیل نے بحرین کے محمد معاذ کو 2-0 سے شکست دی۔ پہلے دن کے مقابلوں میں میزبان پاکستان، عمان، مصر، ایران، نیپال اور دیگر ممالک کے ایتھلیٹس نے حصہ لیا۔

پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن (پی ٹی ایف) کے صدر کرنل (ر) وسیم احمد جنجوعہ نے پی ٹی ایف کے سی ای او عمر سعید اور پاکستان کے ہیڈ کوچ یوسف کرامی کے ہمراہ لیاقت جمنازیم میں کھلاڑیوں میں میڈلز تقسیم کیے۔