پاکستان نے ہمیں بہت کچھ دیا اور یہ وقت وطن عزیزکو آگے لے جانے کیلئے مل کر کام کرنے کا ہے، قمر زمان

156
Qamar Zaman
Qamar Zaman

اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):سکوائش کے سابق عالمی چیمپئن قمر زمان نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیں بہت کچھ دیا اور یہ وقت وطن عزیزکو آگے لے جانے کیلئے مل کر کام کرنے کا ہے، رواں سال یوم آزادی مناتے ہوئے یہ عزم کرنا ہو گا کہ ملک کی ترقی، سلامتی اور بقاکیلئے مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے یہ بات وطن عزیز کے 77ویں یوم آزادی کے حوالے سے "اے پی پی "سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے وطن عزیز سے والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک ہمارا ہے، اس نے ہمیں بہت کچھ دیا اور اس وقت ملک کو ہماری ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال پوری قوم آزادی کا جشن مناتی ہے ،بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں بھی شایان شان طریقے سے یوم آزادی کا جشن منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو ہماری ضرورت ہے ، ہمیں رواں سال یوم آزادی اس عزم کی تجدید کے ساتھ منانا ہے کہ اس ملک کی سلامتی، بقا اور تحفظ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، بالخصوص سیاسی قائدین سے بھی کہنا چاہتا ہوں کہ وہ اپنے سیاسی مقاصد کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اس ملک کے لئے مل کر کام کریں۔

قمر زمان نے کہا کہ14 اگست کا دن نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں جہاں بھی پاکستانی مقیم ہیں وہ اس دن کو شایان شان انداز سے مناتے ہیں، 14 اگست ہماری آزادی کا دن ہے، بطور کھلاڑی میں اس بات کا اعتراف کرتا ہوں کہ میں آج جس مقام پر بھی ہوں اس ملک کی وجہ سے ہوں، اس ملک نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے، بطور کھلاڑی عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملا بیرون ملک پاکستان کی نمائندگی ہر کھلاڑی کے لئے فخر کی بات ہوتی ہے، اسلئے ہمارا بھی فرض بنتا ہے کہ ملکی وقار اور تشخص پر کوئی آنچ نہ آنے دیں اور ملکی وقار کو بلند کریں۔

انہوں نے برطانیہ میں پیش آنے والے ایک واقعہ کو ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میرے ٹائٹل جیتنے پر ایک انگریز نے کھڑے ہو کر پاکستانی پرچم فضامیں لہرا کر بطور پاکستانی کھلاڑی مجھے داد دی تو اس وقت جو فخر اور خوشی حاصل ہوئی وہ 13 سال بعد عالمی چیمپئن بننے پر حاصل نہیں ہوئی تھی، مجھے اس وقت یہ خوشی اس وجہ سے محسوس ہوئی کہ اللہ تعالی نے مجھے بھی ملک کیلئے اپنا حصہ ڈالنے کا موقع دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس کے بعد کئی بین الاقوامی مقابلوں میں بھی پاکستان کیلئے فتوحات حاصل کیں، اسی طرح امریکہ ، آسٹریلیا اور دیگر بین الاقوامی مقابلوں میں ملک کیلئے کامیابیاں حاصل کیں اور عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا اور ہمیشہ بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چاہے کوئی کھلاڑی ہو ، ڈاکٹر یا انجینئر اس ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ، اس ملک کیلئے لگن اور جذبے سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کے لئے بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں انہیں رہنمائی کی ضرورت ہے، سیاسی قائدین سے گزارش ہے کہ اس ملک کو آگے لے کر جائیں اور مل کر کام کریں، اس ملک میں باصلاحیت لوگ ہیں، اس ملک نے ہمیں جوکچھ دیا وہ ملک کو لوٹانے کا وقت ہے۔