پاکستان نےکوویڈ۔19 کے نئے ویرینٹ کے سامنے آنے پر 7ممالک پر سفری پابندی عائد کر دی

78
این ای او سی

اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی ) نے افریقی ممالک میں کوویڈ۔19 کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے سامنے آنے پر 7مزید ممالک کو کیٹگری سی میں شامل کرتے ہوئے ان پر مکمل سفری پابندیاں عائد کر دیں ۔ این سی او سی کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق سائوتھ افریقہ ، ہانگ کانگ ، موزمبیق ، نمبیا ، لیسوتھو ، اسواتنا اور بوٹسوانا سے بالواسطہ اور بلاواسطہ سفر پر فوری طور پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے ،

ایسے پاکستانی مسافر جو انتہائی ہنگامی حالت میں ہوں گے انہیں اس سے استثنیٰ ہو گا تاہم انہیں ویکسینیشن سرٹیفکیٹ ، 72گھنٹے پرانی پی سی آر منفی رپورٹ اورایئرپورٹ آمد پر آر اے ٹی ٹیسٹ لازمی ہو گا جبکہ آر اے ٹی منفی کیسز کو تین دن کے لئے گھر میں قرنطینہ کرنا لازمی ہو گا جبکہ تین دن بعد سول انتظامیہ کی جانب سے دوبارہ آر اے ٹی کروانا پڑے گا جبکہ آر اے ٹی پازیٹو کیسز کے حامل فرد کو 10 روز کے لئے قرنطینہ میں رہنا پڑے گا جبکہ 10روز بعد اس کا پی سی آر ٹیسٹ کرایا جائے گا ۔

این سی او سی نے کہا ہے کہ ان ملکوں میں پھنسے پاکستانیوں کو 5دسمبر تک بغیر کسی استثنیٰ کے وطن واپسی کی اجازت ہو گی تاہم انہیں بھی ٹیسٹنگ پروٹوکول سے گزرنا پڑے گا ۔این سی او سی کی جانب سے ایوی ایشن ڈویژن ایئرپورٹ مینجمنٹ اور اے ایس ایف سے کہا گیا ہے کہ وہ ان ممالک بلواسطہ سفر کرنے والے مسافروں کی سکریننگ کے لئے لائحہ عمل وضع کریں اور 29نومبر تک متعلقہ حکام کو آگاہ کریں ۔