اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):پاکستان واپڈا ٹیم ماڑی پیٹرولیم آزادی کپ ہاکی ٹورنامنٹ کی چیمپین بن گئی۔اتوار کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر انتظام ماڑی پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ کے زیر اہتمام دوسرا ماڑی پیٹرولیم آزدی کپ ہاکی ٹورنامنٹ لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم ہاکی اسٹیڈیم ایوب پارک میں کھیلا گیا جو پاکستان واپڈا کی فتح کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔
پاکستان واپڈا نے 2 کے مقابلے میں 3 گول سے ماڑی پیٹرولیم کو شکست دیکر دوسرے ماڑی پیٹرولیم آزادی کپ کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔مہمان خصوصی چیئرمین فوجی گروپ آف کمپنیز اینڈ ایم ڈی فوجی فاؤنڈیشن وقار احمد ملک ( ستارہ امتیاز)نے فائنل میچ کے اختتام پر کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔
دوسرا ماڑی پیٹرولیم آزادی کپ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل میزبان ماڑی پیٹرولیم اور پاکستان واپڈا کی ٹیموں کی مابین کھیلا گیا ،پاکستان واپڈا کی جانب سے عمر بھٹہ، توثیق ارشد اور سلمان رزاق نے ایک ،ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا جبکہ ماڑی پیٹرولیم کی جانب سے سفیان خان اور ارباز احمد نے ایک ایک گول کیا۔اس میچ میں ایمپائرنگ کے فرائض یاسر خورشید انٹرنیشنل اور امیر حمزہ نے ادا کئے ان کے ساتھ اسد عباس اور عرفان طاہر ریزرو ایمپائر تھے۔
ٹیکنیکل آفیسر مرتضیٰ بھٹی کے ساتھ آصف بیگ، حمزہ طفیل، گلفام کھوکھر، اختر علی اور رفیق الرحمن نے ججز کی ذمہ داریاں ادا کیں۔فائنل میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی وقار احمد ملک نے ونر ٹیم پاکستان واپڈا کو ٹرافی اور بیس لاکھ روپے نقد انعام دیا جبکہ ماڑی پیٹرولیم ٹیم کو رنرز اپ ٹرافی کے ساتھ پندرہ لاکھ روپے نقد انعام دیا۔مہمان خصوصی وقار احمد ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ قومی کھیل ہاکی کی ترقی اور عروج کے حصول کے لئے حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ نجی کارپوریٹ اداروں کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ پاکستان ہاکی کو دنیا بھر میں پھر سے وہی عروج حاصل ہو سکے ۔
اس موقع پر ایم ڈی ماڑی پیٹرولیم فہیم حیدر نے ماڑی پیٹرولیم آزادی کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے بارے میں اسٹیڈیم میں موجود شائقین کو آگاہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ماڑی پیٹرولیم کمپنی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ مل کر قومی کھیل ہاکی کی ترقی و ترویج میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔
اس موقع پر سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن سید حیدر حسین، سیدہ شہلا رضا نائب صدر پی ایچ ایف، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اولمپیئن ناصر علی ، اولمپیئن شہناز شیخ ، اولمپیئن نعیم اختر، اولمپیئن سعید خان ، اولمپیئن رحیم خان، اولمپیئن دانش کلیم، رانا شفیق انٹرنیشنل، ٹورنامنٹ آرگنائزنگ سیکرٹری کرنل محمد یامین، اسسٹنٹ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر میجر طارق ورک، اسسٹنٹ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر راجہ شجاع اقبال، ایمپائرز مینیجر ذوالفقار حسین ، اسسٹنٹ ایمپائرز مینیجر کامران شاہ ، اسسٹنٹ ایمپائرز مینیجر مبارک علی ، ایونٹ میڈیا کوآرڈینیٹر ذوالفقار بیگ ، اسسٹنٹ میڈیا کوآرڈینیٹر محمد حفیظ ،حاجی نعیم اور ان کی ٹیم کے ساتھ شائقین ہاکی کی کثیر تعداد اسٹیڈیم میں موجود تھی۔