کراچی۔ 21 ستمبر (اے پی پی):ویتنام بین الاقوامی تجارتی میلے میں پاکستان کی نہ صرف بھرپور شرکت ہوگی بلکہ ٹی ڈی اے پی پویلین بھی قائم کرے گا۔28فروری سے یکم مارچ2024تک ہونے والے3روزہ ویتنام بین الاقوامی تجارتی میلہ برائے ”اپیرل، ٹیکسٹائل اورٹیکسٹائل ٹیکنالوجیز (وی آئی اے ٹی ٹی)”میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی)شرکت کرے گی۔میسے فرینکفرٹ(ایچ کے)لمیٹڈ اور ویتنام ٹریڈ پروموشن ایجنسی پورے ٹیکسٹائل ویلیو چین کے لیے بین الاقوامی میلے کا اہتمام کریں گے۔ مشترکہ علاقائی، عالمی اور صنعت کی مخصوص مہارت کے ساتھ ویتنام بین الاقوامی تجارتی میلہ برائے ملبوسات، ٹیکسٹائل اور ٹیکسٹائل ٹیکنالوجیزپر مشتمل بھرپور تیاریوں کے ساتھ شروع ہوگا۔
مذکورہ تین روزہ وسیع پلیٹ فارم ہو چی منہ سٹی کے سائیگون ایگزیبیشن اورکنونشن سینٹر (اے ای سی سی)میں منعقدہوگا۔ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اپیرل،ٹیکسٹائل اورٹیکسٹائل ٹیکنالوجیز2024میں پاکستان پویلین کے ساتھ شرکت کرے گی۔میلے سے ویتنام کی مارکیٹ کو سمجھنے اور یہ کہ پاکستان میں خریداروں کو کس طرح بڑھانا ہے، کے حوالے سے مدد ملے گی۔اسٹینڈز صرف8لاکھ95ہزار روپے میں دستیاب ہیں
جبکہ براہ راست اسٹینڈ کی قیمت تقریبا 12لاکھ20ہزارروپے ہے۔ نمائش کنندگان اپنی درخواست 5اکتوبر 2023تک دے سکیں گے۔ٹی ڈی اے پی ٹیکسٹائل ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے سوٹنگز، لیڈیز ویئر،کیجوئل وئیر، کھیلوں کے لباس/فنکشنل فیبرکس، شرٹنگز، ڈینم، چھوٹے اور بڑے بچوں کے لباس، نٹ ویئر، نٹیڈ فیبرکس، ویونگ، ہوزری اور موزے، ملبوسات، گھریلو کپڑا، بیڈ لینن اور کمبل، باتھ روم کا ٹیکسٹائل، کچن ٹیکسٹائل، پردے اور ٹولز، فرنیچر اور اپولسٹری، قالین، ٹیکسٹائل پروسیسنگ، ٹیکسٹائل مشینری اور پرنٹنگ مشینری کیلئے سبسڈی والے اسٹال فراہم کر رہا ہے۔