اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین بچوں کی تعلیم کی ضمانت دیتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے سلسلہ میں قومی اسمبلی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے موقع پر سکولوں کے طلبہ وطالبات کے اعزازی اجلاس کے حوالے سے اپنے خطاب میں کیا۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیاگیا ہے۔ملک کی آزادی کیلئے پارلیمنٹ کی آزادی لازم وملزوم ہے۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کی ولولہ انگیز قیدت میں یہ ملک حاصل ہوا،ہم نے قائد اعظم محمد علی جناح کی تعلیمات اور اصولوں کے مطابق عوام کو بنیادی حقوق کی فراہمی یقینی بنائی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر طرح کی نعمتوں سے مالا مال ہے ،نوجوان نسل ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دستور بچوں کیلئے بنیادی تعلیم کی فراہمی کی ضمانت فراہم کرتا ہے اور میں تمام صوبوں سے پرزور مطالبہ کرتا ہوں کہ سارے صوبے بچوں کی تعلیم اور ان کی صحت کیلئےبھرپور توجہ دیں۔