پاکستان کا امن و استحکام، حرمین شریفین کی مقدس سر زمین کے امن و استحکام سے منسلک ہے،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

83
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی چین کے سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وینگ ژی سے ہوانگ شن میں ملاقات

جدہ۔ 29 مئی (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کا امن و استحکام، حرمین شریفین کی مقدس سر زمین کے امن و استحکام سے منسلک ہے، اس مقدس سر زمین کی حرمت یا سلامتی کو کوئی خطرہ درپیش ہوا تو پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہو گا۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو جدہ میں او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر اپنے سعودی ہم منصب ڈاکٹر ابراہیم بن عبدالعزیز العساف سے خصوصی ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کے چودہویں سربراہ اجلاس کی میزبانی پر، سعودی وزیر خارجہ کو مبارکباد پیش کی اور پرتپاک خیر مقدم پر اپنے سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کا امن و استحکام، اس مقدس سر زمین کے امن و استحکام سے منسلک ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حرمین شریفین کی حرمت یا سلامتی کو کوئی خطرہ درپیش ہوا تو پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہو گا۔ شاہ محمود نے کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ¿ پاکستان نے پاکستانیوں کے دلوں میں گہرے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں جبکہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے سعودی عرب کی جیلوں میں قید 2107 قیدیوں کی رہائی کے اعلان نے عوام کے دل جیت لئے۔ وزیر خارجہ نے اپنے سعودی ہم منصب سے گزارش کی کہ ان قیدیوں کی جلد رہائی کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پلوامہ واقعہ کے بعد پاک بھارت کشیدگی کے دوران سعودی عرب کے مصالحانہ کردار کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ او آئی سی میں ہندوستان کی شمولیت کسی بھی حیثیت میں قابلِ قبول نہیں۔ وزیر خارجہ نے پاکستانیوں کے لیے حج کوٹے کو دو لاکھ تک بڑھانے پر بھی سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔