پاکستان کا ایمرجنگ مارکیٹ اسٹیٹس بحال ہونے کے بعد اسٹاک مارکیٹ کی قسمت چمک اٹھی، کاروباری سرگرمیوں میں اضافے اور مارکیٹ میں سرمایہ کاری نے مارکیٹ کو نئی بلندیوں پر لا کھڑا کیا
کے ایس ای 100 انڈیکس میں 191.72 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا
کراچی ۔ 16 جون (اے پی پی) پاکستان کا ایمرجنگ مارکیٹ اسٹیٹس بحال ہونے کے بعد اسٹاک مارکیٹ کی قسمت چمک اٹھی، کاروباری سرگرمیوں میں اضافے اور مارکیٹ میں سرمایہ کاری نے مارکیٹ کو نئی بلندیوں پر لاکھڑا کیا ہے، پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بازار حصص کی سرگرمیاں عروج پر ہونے کے باعث اسٹاک مارکیٹ نے ایک اور نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ جمعرات کو انڈیکس 39 ہزار پوائنٹس کی بلند ترین سطح کو چھونے کے بعد ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 38700 پوائنٹس عبور کر کے بند ہوا، کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 14 ارب سے زائد روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پاکستانی کمپنیوں کا ایم ایس سی آئی انڈیکس میں شمولیت غیر ملکی سرمایہ کاروں و میوچل فنڈز کی جانب سے سرمایہ کاری کی بہتری کی جانب اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔ مارکیٹ 39 ہزار پوائنٹس کو چھو چکی ہے اور قوی امید ہے کہ رمضان المبارک کے دوران انڈیکس 40 ہزار پوائنٹس کی سطح پر پہنچ جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=8989