پاکستان کا سرحدی خلاف ورزی پر ایران کے سفیر کو ملک بدر ، ایران سے اپنے سفیر کو بھی واپس بلانے کا اعلان

185
Foreign Office

اسلام آباد۔17جنوری (اے پی پی):پاکستان نے سرحدی خلاف ورزی پر ایران کے سفیر کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ایران سے اپنے سفیر کو بھی واپس بلانے کا اعلان کیا ہے۔

بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ رات ایران کی طرف سے پاکستان کی خودمختاری کی بلا اشتعال اور کھلم کھلا خلاف ورزی بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔یہ غیر قانونی عمل مکمل طور پر ناقابل قبول ہے اور اس کا کوئی جواز نہیں ہے۔ پاکستان اس غیر قانونی اقدام کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

نتائج کی ذمہ داری پوری طرح ایران پر عائد ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ پیغام ایرانی حکومت تک پہنچا دیا ہے ۔ہم نے انہیں یہ بھی مطلع کیا ہے کہ پاکستان نے ایران سے اپنے سفیر کو واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے اور پاکستان میں ایرانی سفیر جو اس وقت ایران کے دورے پر ہیں انھیں کہا گیا ہے کہ وہ فی الحال واپس نہ آئیں ۔

ہم نے ان تمام اعلیٰ سطحی دوروں کو بھی معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو آنے والے دنوں میں پاکستان اور ایران کے درمیان جاری تھے یا طے شدہ تھے۔ واضح رہے کہ ایران کی جانب سے کی گئی اس ’غیرقانونی‘ فضائی حدود کی خلاف ورزی کے نتیجے میں دو بچے ہلاک جبکہ تین لڑکیاں زخمی ہوئی ہیں۔