پاکستان کا غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف حالیہ اسرائیلی حملوں پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے خطے میں قیام امن کے لئے جامع کوششوں کی ضرورت پر زور

67

اسلام آباد ۔ 15 نومبر (اے پی پی) پاکستان نے غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف حالیہ اسرائیلی حملوں پر گہری تشویش کااظہارکرتے ہوئے خطے میں قیام امن کے لئے جامع کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ یہ بات اقوا م متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی چوتھی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹرملیحہ لودھی نے کہا کہ سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی بے شمار قراردادوں کے باوجود ابھی تک انصاف کے ترازو کاپلڑا فلسطینیوں کی طرف نہیں جھکا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مشرق وسطیٰ کا دیرینہ تنازع حل نہ ہونے کی وجہ سے نہ صرف فلسطینیوں کی خواہشات اور امنگوں کا خون ہو رہا ہے بلکہ اس سے خطے میں مستقل بنیادوں پر مخاصمت کے بیج بھی بوئے جارہے ہیں۔ انہوں نے مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ دیرینہ تنازع کے حل کے لئے تمام فریقوں کو کردار ادا کرنا چاہیے۔