اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):پاکستان کی حکومت اور عوام نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق یو اے ای کے صدر کے انتقال سے متحدہ عرب امارات ایک بصیرت والے رہنما اور پاکستانی عوام ایک مخلص دوست سے محروم ہو گئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ شیخ خلیفہ نے متحدہ عرب امارات کی ترقی اور جدید بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا، ان کی قیادت اور وژن نے متحدہ عرب امارات کو ایک بڑی معاشی طاقت کے طور پر ابھرنے میں اہم کردار ادا کیا، تاریخ مرحوم صدر کو انسانی ہمدردی کے امور اور امن کے فروغ کے لیے ان کی شاندار خدمات کے لیے یاد رکھے گی۔ بیان کے مطابق شیخ خلیفہ کی متحرک قیادت میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات نے نئی بلندیاں حاصل کیں، پاکستان کے عوام مرحوم شیخ خلیفہ کو مشکل وقت میں ان کی سخاوت اور مدد کے لیے ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
ترجمان نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہماری ہمدردیاں اور دعائیں النہیان خاندان اور اماراتی بھائیوں کے ساتھ ہیں، اللہ تعالی ان کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت اور حوصلہ عطا فرمائے۔ متحدہ عرب امارات کے برادر عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے حکومت پاکستان نے 13 سے 15 مئی تک تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔ سوگ کے دوران قومی پرچم بھی سرنگوں رہے گا۔