33.2 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 10, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان کا میگوئل اینجل موراتینوس   کی اسلاموفوبیا کے خلاف اقوامِ متحدہ کے...

پاکستان کا میگوئل اینجل موراتینوس   کی اسلاموفوبیا کے خلاف اقوامِ متحدہ کے خصوصی ایلچی کے طور پر تقرری کا خیرمقدم

- Advertisement -
اسلام آباد۔10مئی  (اے پی پی):پاکستان نے  اقوامِ متحدہ کے اتحاد برائے تہذیبوں  کے اعلیٰ نمائندے   میگوئل اینجل موراتینوس  کی اقوامِ متحدہ کے اسلاموفوبیا  کے خلاف جدوجہد  کے لئے خصوصی ایلچی کے طور پر تقرری کا پرتپاک خیرمقدم کیا ہے۔ یہ تقرری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد 78/264 بعنوان  "اسلاموفوبیا کے خلاف اقدامات”  کے تحت عمل میں آئی ہے۔جمعہ کو ترجمان دفتر خارجہ کی جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یہ تاریخی تقرری اسلاموفوبیا، نفرت، عدم برداشت اور دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک میں خطرناک حد تک اضافے کے خلاف اقوام متحدہ کی کوششوں میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے،پاکستان کو اس بات پر فخر ہے کہ اُس نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی جانب سے جنرل اسمبلی کی قرارداد 78/264 کے مسودے کو پیش کیا، اس کی قیادت کی  اور اسے کامیابی سے منظور کروایا  جس کے تحت سیکرٹری جنرل کو اسلاموفوبیا سے نبرد آزما ہونے کے لئے  ایک خصوصی ایلچی مقرر کرنے کا مینڈیٹ دیا گیا۔ یہ اقدام اقوام متحدہ کی قرارداد 76/254 پر پاکستان کی قیادت کا تسلسل ہے  جس کے تحت 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا گیا تھا۔بیان میں کہا گیا کہ اسلاموفوبیا کے مسلسل بڑھتے ہوئے رجحانات کے پیشِ نظر خصوصی ایلچی کی تقرری بروقت اور نہایت ضروری ہے۔ پاکستان گہری تشویش کے ساتھ مشاہدہ کر رہا ہے کہ مسلمانوں کے خلاف منظم کردار کشی کی مہمات، مساجد پر حملے، مسلم کمیونٹیز پر تشدد  اور مسلم اکثریتی ممالک کے خلاف بلا اشتعال جارحیت جاری ہے  اوراس میں  ایسے   عناصر شامل ہیں   جو بظاہر جمہوری اور سیکولر اقدار کے علمبردار ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ ایسے منظم اور دانستہ اقدامات، جو برتری کے نظریات اور عوامی مقبولیت پر مبنی اشتعال انگیز بیانیے سے جنم لیتے ہیں، بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصولوں کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔مذہبی اور ثقافتی تنوع کے احترام، باہمی افہام و تفہیم کے فروغ  اور تمام اقوام کے وقار، حقوق اور آزادیوں کے تحفظ کے لیے عالمی سطح پر مربوط اور مضبوط کارروائی کی فوری ضرورت ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی جدوجہد میں اپنی قائدانہ حیثیت برقرار رکھنے، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ  اور تمام مذہبی برادریوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔پاکستان اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے اسلاموفوبیا کے خلاف ایک جامع ایکشن پلان کے جلد اجرا کا بھی منتظر ہے  جو اس بڑھتے ہوئے خطرے کے خلاف بین الاقوامی کوششوں کے لیے ایک ضروری حکمتِ عملی فراہم کرے گا۔پاکستان خصوصی ایلچی کے ساتھ قریبی تعاون کا خواہاں ہے تاکہ وہ اپنے اہم مینڈیٹ کو کامیابی سے انجام دے سکیں اور ایک ایسا عالمی نظام تشکیل دیا جا سکے جو رواداری، بقائے باہمی اور انصاف پر مبنی ہو۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595094

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں