پاکستان کا پرچم قومی وحدت اور اتحاد کی علامت ہے، توہین کرنے والوں کے شناختی کارڈ بلاک اور پاسپورٹ ضبط کرکے غداری کے مقدمات چلائے جائیں، حافظ طاہر محمود اشرفی

221
حافظ طاہر محمود اشرفی
پاکستان کا پرچم قومی وحدت اور اتحاد کی علامت ہے، توہین کرنے والوں کے شناختی کارڈ بلاک اور پاسپورٹ ضبط کرکے غداری کے مقدمات چلائے جائیں، حافظ طاہر محمود اشرفی

اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):انٹرنیشنل انٹرفیتھ ہارمنی کونسل کے صدر اور پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہاہے کہ پاکستان کا پرچم قومی وحدت اور اتحاد کی علامت ہے، قومی پرچم کی توہین کرنے والوں کے شناختی کارڈ بلاک اور پاسپورٹ ضبط کرکے ان کے خلاف غداری کے مقدمات چلائے جائیں، 14اگست کو یوم آزادی شایان شان اورجوش وجذبے کے ساتھ منایاجائے گا تمام دینی مدارس اورمساجد میں نمازفجر کے بعد مستحکم ومضبوط پاکستان کیلئے دعائیں کی جائیں گے اور قومی پرچم لہرایاجائے گا،

تمام سیاسی قائدین پاکستان کی خاطراختلافات ختم کرکے پرچم کے سائے تلے ایک ہوجائیں، غیر متنازعہ شخصیت انوارالحق کاکڑکا نگران وزیر اعظم بننا بہترین فیصلہ ہے انہوں نے ہمیشہ پاکستان کی ترجمانی کی ہے اوروہ مستحکم پاکستان کیلئے ایک امید ہونگے، آئندہ الیکشن صاف شفاف ہونے کے ساتھ مستحکم پاکستان کی نوید ہونگے، گرین پاکستان کا منصوبہ مزید آگے بڑھے گا پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ اتوار کو پاکستان علما کونسل کی طرف سے یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی آفس بیت الامن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر مولانا محمد اسلم صدیقی، محمد اسلم قادری، مفتی الیاس قادری، قاری کفایت اللہ، سید نسیم الاسلام شاہ، قاری مبشر رحیمی اوردیگر علما کرام بھی موجود تھے حافظ طاہر محمود اشرفی نیمزید کہا کہ ہمارے بزرگ بھارت سے ہجرت کرکے اس لئے پاکستان آئے تھے کہ یہاں آزادی کے ساتھ دین اسلام کی طرز پر زندگی گذارسکیں ورنہ آج جو کچھ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ہورہاہے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کا آئین، قانون، دستور، قرآن وسنت کے تابع ہے قومی پرچم میں سبز رنگ مسلمانوں اور سفید رنگ غیرمسلموں کی پہچان ہے اور جب مسلمان اور غیرمسلم ملکر پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے ہیں تو یہ پیغام دیتے ہیں پاکستانی ایک قوم ہیں جہاں مسلمانوں اور غیرمسلموں کے برابری کے حقوق ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اس وقت مکمل ہوتاہے جب مسلم اورغیرمسلم اکٹھے ہوتے ہیں اس قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کرنے والے جان لیں ہم سب ایک ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 14اگست کو یوم آزادی شایان شان منایاجائے گا تمام دینی مدارس اورمساجد میں نمازفجر کے بعد مستحکم ومضبوط پاکستان کیلئے دعائیں کی جائیں گی اور قومی پرچم لہرایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ جس قومی پرچم کو سیاچن اور دیگر سرحدی مقام پر ہمارے فوجی جوانوں نے نیچے نہیں گرنے دیا گیا کچھ شرپسند سوشل میڈیا پر اس پرچم کی توہین کررہے ہیں جو ناقابل برداشت ہے میری حکام بالاسے اپیل ہے کہ ایسے افراد کی شناخت کرکے ان کے خلاف فوری قانونی کاروائی کی جائے، ان کے شناختی کارڈز بلاک کئے جائیں، اگر وہ پاکستان سے باہر رہتے ہیں توان کے پاسپورٹ ضبط کئے جائیں اوران کے خلاف غداری کے مقدمات درج کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ وطن سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے پاکستان کا پرچم صرف میری شناخت ہی نہیں بلکہ وحدت اور اتحاد کی علامت بھی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کشمیر کا مسئلہ عالمی امن کیلئے خطرہ ہے پاکستان نے بھارت کے ساتھ کبھی مذاکرات سے انکار نہیں کیا لیکن مذاکرات کا راستہ کشمیر سے نکلتا ہے ہم سمجھتے ہیں کہ بھارت اپنی ہٹ دھرمی چھوڑے کشمیریوں کے اسٹیٹس کو بحال کرے پھر مذاکرات کی ٹیبل پر آئے انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک ملکر بہتری لاسکتے ہیں۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے پاکستان میں دہشت گردی کی لہر آنے پر افغان علما کی جانب سے جاری کئے گئے فتوی کا خیر مقدم کیا۔ ان کاکہناتھاکہ ہم افغانستان کے امن کو پاکستان کا امن سمجھتے ہیں یہ خطہ گذشتہ 42 سال سے حالت جنگ میں ہیں،

ہم سمجھتے ہیں ہمارے لوگ سکون سے رہیں انہوں نے کہاکہ گرین پاکستان کا منصوبہ مزید آگے بڑھے گا۔اللہ تعالی نے پاکستان کو معدنیات کے ذخائر سے نواز ہے اس سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا، ایک سوال کے جواب میں حافظ طاہر محمود اشرفی نے نگران وزیر اعظم کے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ غیر متنازعہ شخصیت انوارالحق کاکڑکا نگران وزیر اعظم بننا بہترین فیصلہ ہے،

تمام سیاسی جماعتوں نے انہیں ویلکم کیاہے۔ انہوں نے ہمیشہ پاکستان کی ترجمانی کی ہے اوروہ مستحکم پاکستان کیلئے ایک امید ہونگے حافظ طاہر محمود اشرفی نے نگران وزیر اعلی سید محسن رضانقوی کے ہسپتالوں کی بہتری کیلئے خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ اگر ہسپتالوں اور پولیس کانطام ٹھیک ہوجائیں تو یہ نگران وزیر اعلی کے کاموں میں بہترین کام شمار ہوں گے۔