اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):سیکیورٹی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان نے قومی اور بین الاقوامی صحافیوں کے لیے آزاد جموں و کشمیر کے متعدد علاقوں کے دورے کا انتظام کیا ہے جس کا مقصد بھارتی میڈیا کے حالیہ دعووں کا جواب دینا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس دورے کا انتظام بھارتی ذرائع ابلاغ کی جانب سے پھیلائی جانے والی ان اطلاعات کے جواب میں کیا گیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فورسز کی جانب سے نشانہ بنائے گئے مبینہ عسکریت پسند مخصوص مقامات سے فرار ہوگئے ہیں۔ انڈیا ٹوڈے نے جھوٹا دعوی کیا ہے کہ مبینہ عسکریت پسندوں کو کیل، دودھنیال، اتمکم، جوار، لیپا، فارورڈ کہوٹہ، کوٹلی، چمن کوٹ اور جان کوٹ سے منتقل کیا گیا ہے۔
پاکستان نے ان مقامات پر میڈیا کے دورے کا اہتمام کرکے بھارتی پروپیگنڈے کا مقابلہ کیا۔ انڈیا ٹوڈے کے جھوٹے دعوے سے پتہ چلتا ہے کہ بھارتی افواج ان علاقوں کے ناموں کا استعمال کرتے ہوئے ایک من گھڑت بیانیہ تیار کرنے کی کوشش کر سکتی ہیں تاہم پاکستان نے اس بے بنیاد پروپیگنڈے کا سختی سے جواب دیا ہے اور اسے بے نقاب کر دیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592075