اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):پاکستان کبڈی فیڈریشن کے زیر اہتمام سر سبز تین ملکی بابا گرونانک انٹرنیشنل کبڈی کپ 16 اپریل سے لاہور میں شروع ہورہا ہے جس میں شرکت کے لئے ایران کی ٹیم لاہور پہنچ گئی ہے۔ علامہ اقبال ایئرپورٹ پر پاکستان کبڈی فیڈریشن کے حکام نے مہمان کھلاڑیوں کا بھرپور استقبال کیا۔ بھارتی ٹیم کی آمد بھی ایک دو دن میں متوقع ہے۔واپڈا سپورٹس کمپلیکس میں شیڈول تین روزہ سرسبز بابا گرونانک انٹرنیشنل کبڈی کپ کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا محمد سرور کے مطابق پاکستان میں سرسبز انٹرنیشنل کبڈی کپ کو یقینی بنانے میں صوبائی وزیر صعنت وتجارت اور فیڈریشن کے صدر چوہدری شافع حسین نے اہم کردار ادا کیاہے۔ صدرپاکستان کبڈی فیڈریشن نے ایران اور بھارت کی کبڈی فیڈریشنز حکام کو پاکستان میں کھیلنے کے لئے تیار کیاہے جس کے بعد چوہدری شافع حسین کی زیر نگرانی تمام معاملات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔
غیرملکی ٹیموں کو ہمیشہ کی طرح حکومت کی جانب سے فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔انٹرنیشنل کرکٹ اور انٹرنیشنل ہاکی کے ساتھ اب سر سبز انٹرنیشنل کبڈی ایونٹ سے پاکستان کےمثبت امیج کو دنیا بھر میں پروموٹ کرنے میں مدد ملے گی۔
پاکستان کبڈی شائقین کو ایران ، بھارت اور پاکستان کے کبڈی کے معروف کھلاڑیوں کو اپنی سرزمین پر کھیلتے ہوئے دیکھنے کا موقع بھی ملےگا،امید ہے کہ اس ایونٹ سے نوجوان کی بڑی تعداد کبڈی کی جانب راغب ہو گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581892