15.5 C
Islamabad
ہفتہ, مارچ 15, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان کرپٹو کونسل کا باضابطہ قیام عمل میں آگیا، ڈیجیٹل فنانس کے...

پاکستان کرپٹو کونسل کا باضابطہ قیام عمل میں آگیا، ڈیجیٹل فنانس کے مستقبل کی تشکیل کی جانب اہم قدم

- Advertisement -

اسلام آباد۔14مارچ (اے پی پی):پاکستان کرپٹو کونسل (پی سی سی) کا باضابطہ قیام عمل میں آ گیا ہے، جو ملک میں بلاک چین ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل اثاثوں کے فروغ اور ضابطہ کاری کی جانب ایک نمایاں پیش رفت ہے۔ کونسل کرپٹو اپنانے کے لیے موثر پالیسی سازی، جدیدیت کے فروغ اور محفوظ مالیاتی نظام کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گی۔

وزرت خزانہ کی جانب سے جمعہ کویہاں جاری بیان کے مطابق وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب پاکستان کرپٹو کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے جو ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کے حوالے سے حکومت کے عزم کا مظہر ہے۔ وزیر خزانہ کے چیف ایڈوائزر برائے پاکستان کرپٹو کونسل، بلال بن ثاقب کونسل کے سی ای او مقرر کیے گئے ہیں جو بلاک چین ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری حکمت عملی اور ڈیجیٹل جدت کے شعبے میں اپنی مہارت کے ذریعے اس اقدام کی قیادت کریں گے۔

- Advertisement -

پاکستان کرپٹو کونسل کے ابتدائی بورڈ ممبران میں گورنر سٹیٹ بینک ، چیئرمین سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان، وفاقی سیکرٹری قانون اور وفاقی سیکرٹری آئی ٹی شامل ہیں۔ یہ متنوع قیادت مالی استحکام، قانونی فریم ورک، اور تکنیکی ترقی کے امتزاج کو یقینی بنائے گی تاکہ پاکستان میں کرپٹو ایکو سسٹم کو فروغ دیا جا سکے۔وزارت خزانہ کے مطابق کونسل کے قیام سے پاکستان میں ڈیجیٹل فنانس کے نئے دور کا آغازہواہے،پاکستان کرپٹو کونسل کا قیام اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ حکومت بلاک چین ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اثاثوں کے عالمی رجحان کو اپنانے کے لیے سرگرم ہے۔

پاکستان ایک واضح ضابطہ جاتی حکمت عملی کے تحت سرمایہ کاروں، کاروباری اداروں اور جدید ٹیکنالوجی کے خواہشمند افراد کے لیے محفوظ اور مربوط ماحول فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔وزیرخزانہ محمداورنگزیب نے کونسل کے قیام پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ دنیا تیزی سے ڈیجیٹل فنانس کی طرف بڑھ رہی ہے اور پاکستان اس میدان میں قیادت کا خواہاں ہے۔

پاکستان کرپٹو کونسل کا قیام جدیدیت کے فروغ اور ایک ایسا ضابطہ جاتی فریم ورک بنانے کی جانب قدم ہے جو سرمایہ کاروں اور مالیاتی نظام کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ ہم ایک ذمہ دار اور ترقی پسند کرپٹو ایکو سسٹم کے قیام کے لیے پرعزم ہیں جو پاکستان کی معیشت میں مثبت کردار ادا کرے گا۔ پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن ثاقب نے اس اقدام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہ یہ کونسل صرف ضوابط کے لیے نہیں بلکہ ایک ایسا ماحول بنانے کے لیے ہے جہاں بلاک چین اور ڈیجیٹل فنانس کو ترقی دی جا سکے۔

ہمارا مقصد پاکستان کو عالمی ڈیجیٹل معیشت میں ایک موثر کھلاڑی بنانا ہے، جہاں سکیورٹی، شفافیت اور جدیدیت کو اولیت دی جائے۔ ہم کلیدی سٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر ایسی پالیسیاں ترتیب دینا چاہتے ہیں جو ترقی اور تحفظ کے درمیان توازن قائم رکھیں، تاکہ کاروباری افراد اور سرمایہ کار بلا خوف اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر سکیں۔ پاکستان کرپٹو کونسل کا فوکس واضح ضابطہ جاتی پالیسیوں کی تشکیل، نجی اور سرکاری شعبے کے سٹیک ہولڈرز سے موثر روابط، اور پاکستان کو عالمی ڈیجیٹل اثاثہ جات کی صنعت میں ایک نمایاں حیثیت دلوانے پر ہوگا۔

وزارت خزانہ کے مطابق کرپٹو اپنانے کے لیے واضح ضابطہ جاتی ہدایات کی تدوین، عالمی کرپٹو اور بلاک چین تنظیموں سے روابط قائم کر کے بہترین عالمی روایات کواپنانا، مالیاتی ٹیکنالوجی سٹارٹ اپس، سرمایہ کاروں اور بلاک چین ڈویلپرز کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ جدت کو فروغ دینا اور صارفین کے تحفظ،ما لیاتی سلامتی کے لیے مضبوط قانونی اور تعمیلی فریم ورک تیار کرنا کونسل کے آئندہ کے اقدامات میں شامل ہیں۔

پاکستان کرپٹو کونسل کے قیام سے ملک میں مالیاتی اور تکنیکی ترقی کا نیا باب کھلے گا، جو اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ پاکستان کاروبار اور جدیدیت کے فروغ کے لیے تیار ہے اور ڈیجیٹل فنانس کے شعبے میں ایک نمایاں مقام حاصل کرنا چاہتا ہے۔ پاکستان کرپٹو کونسل اہم حکومتی اقدام ہے جس کا مقصد بلاک چین اور کرپٹو کرنسی کی ترقی، انضمام، اور ضابطہ کاری کے لیے ایک مستحکم اور ترقی پسند فریم ورک فراہم کرنا ہے۔ کلیدی پالیسی سازوں، ریگولیٹری سربراہان اور صنعت کے ماہرین پر مشتمل یہ کونسل پاکستان میں ایک جدید اور محفوظ ڈیجیٹل اثاثہ جاتی ایکو سسٹم قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572670

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں