پاکستان کرکٹ بورڈ کا انڈر 19 سکلز اسیسمنٹ کیمپ کے تیسرے مرحلے کیلئے 30 کھلاڑیوں کا اعلان

53

لاہور۔3جولائی (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انڈر19 کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے سکلز اسیسمنٹ کیمپ کے تیسرے مرحلے کیلئے 30 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔یہ کیمپ7 جولائی سے ملتان میں شروع ہو گا اور آئندہ ماہ کے اختتام تک جاری رہے گا۔ترجمان پی سی بی کے مطابق منتخب کئے گئے20 کھلاڑیوں کا انتخاب ایک جامع میچ بیسڈ اسیسمنٹ کے بعد کیا گیا،جو دو مراحل پر مشتمل تھا۔اس عمل میں65 کھلاڑیوں نے حصہ لیا جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کر کے چار، چار میچز کھیلائے گئے تاکہ ان کی بیٹنگ، بولنگ، فیلڈنگ اور حکمت عملی سے متعلق صلاحیتوں کا بغور جائزہ لیا جا سکے۔

اس کے ساتھ ہی10 ایسے کھلاڑی بھی تیسرے مرحلے کا حصہ بنیں گے جنہوں نے پہلے پاکستان انڈر 19 ٹیم کی نمائندگی کر رکھی ہے اور وہ آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ 2026 کیلئے اہل ہیں۔ورلڈ کپ میں وہی کھلاڑی شامل ہو سکتے ہیں جن کی تاریخِ پیدائش یکم ستمبر2006 یا اس کے بعد کی ہو۔پی سی بی کے ہیڈ آف یوتھ ڈیولپمنٹ اظہر علی کی نگرانی میں ہونے والے اس کیمپ کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کی تکنیکی اور ذہنی استعداد کو مزید بہتر بنانا ہے تاکہ نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ ایشیائی اور عالمی سطح پر ہونے والے ایونٹس،جیسے کہ اے سی سی انڈر19 ایشیا کپ اور آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ کیلئے ایک مضبوط پول تیار کیا جا سکے۔

تیسرے مرحلے میں شامل20 کھلاڑیوں میں عباس خان،عبدالوھاب،علی حسن بلوچ، اسد عمر، دانیال علی خان، غلام حیدر، حمزہ ظہور، ہارون خان، حضرت علی، حذیفہ احسن، ابتسام اظہر، محمد ارشد، محمد عباس آفریدی، نقاب شفیق، رانا عدیل مشتاق، رضوان اللہ، سعد سخاوت، صدیق امان، سمیر منہاس اور یحیی شاہ شامل ہیں جبکہ پاکستان انڈر19 کی سابقہ نمائندگی کرنے والے10 کھلاڑی جو تیسرے مرحلے کا حصہ بنیں گے ان میں عبدالصبحان، احمد حسین، فرحان یوسف، حسن خان، محمد حذیفہ، محمد طاہر، مومن قمر، طیب عارف، عمر زیب اور عثمان خان شامل ہیں۔