لاہور۔28مارچ(اے پی پی ) پاکستان کپ میں اچھی پرفارمنس دکھانے اور ورلڈ کپ کے سکواڈ میں اپنی جگہ بنانے کے لئے پاکستان میں موجود قومی کرکٹرز نے اپنی فٹنس پر بھرپورتوجہ مرکوز کرنا شروع کردی ہے اور اس سلسلے میں انہوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں اپنی ٹریننگ کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ کی ٹیم کو حتمی شکل دینے سے پہلے 14اپریل کو فٹنس ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے جس میں قومی ٹیم کے اراکین کے علاوہ2 اپریل سے شروع ہونے والے پاکستان کرکٹ کپ میں شاندار پرفارمنس دکھانے والے کرکٹرز کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اس وقت عدنان اکمل ، وہاب ریاض ، شاہین آفریدی ، سلمان بٹ ، سہیل تنویر اور بابر اعظم نے اپنی ٹریننگ شروع کی ہوئی ہے اور ان کی توجہ اپنی فٹنس کو بہتر بنانے پر ہے تاکہ 14اپریل کو ہونے والے فٹنس ٹیسٹ میں وہ سلیکشن کمیٹی کے معیار پر پورا اتر سکیں ۔