پاکستان کرکٹ ٹیم اپنے دورہ انگلینڈ کا باضابطہ آغاز 5 اگست کو تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ سے کرے گی

180

اسلام آباد ۔ 24 جولائی (اے پی پی) پاکستان کرکٹ ٹیم اپنے دورہ انگلینڈ کا باضابطہ آغاز 5 اگست کو تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ سے کرے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 5 سے 9 اگست تک اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کی ٹیم پہلے ہی انگلینڈ میں موجود ہے اور وہاں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ پاکستان ٹیم وہاں پریکٹس کے طور پر آپس میں میچز بھی کھیل رہی ہے جو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل تیاریوں کا حصہ ہے۔ انگلینڈ میں قومی کھلاڑیوں کی دو ٹیمیں گرین اور وائٹ کے نام سے بنائی گئی ہیں جو آپس میں پریکٹس میچ کھیل رہی ہیں۔ گرین ٹیم کی قیادت اظہر علی کر رہے ہیں جبکہ وائٹ ٹیم کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا چار روزہ پریکٹس میچ گرین ٹیم نے ٹیم وائٹ سے 6 وکٹوں سے جیتا تھا۔ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ 13 سے 17 اگست تک روز باﺅل ساﺅتھمپٹن میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 21 سے 25 اگست تک روز باﺅل ساﺅتھمپٹن میں ہی کھیلا جائے گا۔ پاکستان کی ٹیم تین ٹیسٹ میچوں کے علاوہ تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز بھی کھیلے گی جس کا پہلا میچ 28 اگست کو کھیلا جائے گا، دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 30 اگست کو جبکہ تین میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ یکم ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ ٹی ٹونٹی سیریز کے تینوں میچز اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں ہی کھیلے جائیں گے۔ تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا پہلا اور تیسرا میچ ڈے اینڈ نائٹ ہونگے جبکہ دوسرا ٹی ٹونٹی میچ ڈے ہوگا۔