پاکستان کرکٹ ٹیم سری لنکا کے خلاف ورلڈ کپ مقابلوں میں اب تک ناقابل شکست

142
ICC
ICC

اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم سری لنکا کے خلاف ورلڈ کپ مقابلوں میں اب تک ناقابل شکست ہے، پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں مجموعی طور پر 7 مرتبہ آمنے سامنے آئیں، ان تمام میچوں میں پاکستان ٹیم فتح یاب رہی جبکہ 2019ء ورلڈ کپ کا میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا۔

منگل کے روز حیدرآباد میں ہونے والا میچ دونوں ٹیموں کے لئے اہم قرار دیا جارہا ہے ، رواں ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک میچ کھیلا ہے، پاکستان نے نیدرلینڈز کو شکست دی جبکہ سری لنکا کی ٹیم کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان اور سری لنکا پہلی مرتبہ ورلڈ کپ 1975ء میں آمنے سامنے آئیں جس میں پاکستان ٹیم نے 192 رنز سے فتح حاصل کی۔ 1983ء ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں دو مرتبہ مدمقابل آئیں، دونوں مرتبہ سری لنکا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 1987ء ورلڈ کپ میں بھی دونوں ٹیمیں دو مرتبہ آمنے سامنے آئیں،

اس مرتبہ بھی قومی ٹیم نے فتح حاصل کی، 1992ء ورلڈ کپ کا میچ پاکستان ٹیم نے 4 وکٹوں سے جیتا جبکہ 2011ء ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم نے سری لنکا کو 11 رنز سے شکست دی ،ورلڈ کپ 2019ء میں دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والا میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیاتھا۔

پاکستان کا سری لنکا کے خلاف ورلڈ کپ میچوں میں سب سے زیادہ سکور 338 ہے جبکہ سری لنکا کا 288 ہے، اسی طرح پاکستان کا ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف کم ترین سکور 216 اور سری لنکا کا 138 ہے۔