اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ پاکستان حق خودارادیت کی جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ ہفتہ کو ایک بیا ن میں انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے تاکہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جا سکے، پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے جو بھارتی مظالم کا مقابلہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کی آزادی کا مقدمہ بھرپور طریقے سے دنیا کے سامنے پیش کیا، کشمیری عوام نے اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے اپنے خون سے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے، پاکستان نے ہمیشہ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھائی ہے اور حق خودارادیت کے لئے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔شفقت محمود نے کہا کہ یہ تشویشناک بات ہے کہ بھارتی افواج کے مقبوضہ کشمیر کے عوام پر مسلسل ظلم و ستم کے باوجود ابھی تک عالمی ضمیر نہیں جاگا۔