پرتھ ۔ 6 نومبر (اے پی پی) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز سٹیون سمتھ نے کہا ہے کہ گرین شرٹس کو تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ میں بھی شکست دیکر سیریز 2-0 سے اپنے نام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں کامیابی کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ دوسرے میچ میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور آئندہ میچ میں بھی اپنے عمدہ کھیل کی بدولت ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ جمعہ کو پرتھ کے مقام پر کھیلا جائے گا۔ اپنے ایک بیان میں مایہ ناز بلے باز سٹیون سمتھ نے کہا کہ انکی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہے اور پاکستان کے خلاف تیسرے میچ کے لئے میدان میں اترنے کو بے تاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین شرٹس کے خلاف دوسرے میچ میں کامیابی کے بعد انکی ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تیسرے اور آخری میچ میں بھی شکست دیکر تین میچوں کی سیریز 2-0 سے اپنے نام کریں گے۔ سمتھ نے کہا کہ دوسرے میچ میں کامیابی کے باوجود تیسرے میچ میں مہمان ٹیم کو آسان سمجھنے کی غلطی نہیں کرینگے بلکہ مربوط حکمت عملی کے تحت جیت کے لئے میدان میں اتریں گے۔