پاکستان کو دیوالیہ کی نہج پہ پہنچانے والا دیوالیہ سے بچانے والوں پہ وائٹ پیپر چھاپ رہا ہے، وائٹ پیپر ، پیلا پیپر یا لال پیپر سے تمہاری نالائقی نااہلی چوری اور آئین شکنی سفید نہیں ہو گی، وزیر اطلاعات

207

اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کو دیوالیہ کی نہج پہ پہنچانے والا دیوالیہ سے بچانے والوں پہ وائٹ پیپر چھاپ رہا ہے، وائٹ پیپر ، پیلا پیپر یا لال پیپر سے تمہاری نالائقی نااہلی چوری اور آئین شکنی سفید نہیں ہو گی، چار سال ملکی معیشت کو تباہ ، نوجوانوں کو بے روزگار، ملک کو غریب اور مہنگائی کرنے والابنا کر چھوڑنے والا ایک سال کی کارکردگی پہ سوال پوچھ رہا ہے، بہت دھیان سے پڑھا بہت ڈھونڈا لیکن وائٹ پیپر میں بجلی کا گردشی قرضہ 1100 ارب روپے سے2400 ارب روپے کرنے، چینی ، بجلی، گیس مہنگی کرنے، فرح گوگی اور پنکی پیرنی کی لوٹ مار،کورونا کے 1200 ارب روپے، فارن فنڈنگ ، گھڑی چور ٹیریان کے والد کا ذکر نہیں ہے ۔

اتوار کو عمران خان کے بیان پر ردعمل میں وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پاکستان کو دیوالیہ کی نہج پہ پہنچانے والا دیوالیہ سے بچانے والوں پہ وائٹ پیپر چھاپ رہا ہے، بہت دھیان سے پڑھا بہت ڈھونڈا لیکن وائٹ پیپر میں بجلی کا گردشی قرضہ 1100 ارب سے2400 ارب کرنے کا ذکر نہیں ہے، وائٹ پیپر میں گیس کا گردشی قرضہ صفر سے1400 ارب کرنے کا ذکر نہیں ہے، وائٹ پیپر میں آٹا 35 روپے سے 100 روپے اور چینی 52 روپے سے 120 روپے کرنے کا ذکر نہیں ہے۔ بجلی فی یونٹ 11 سے 25 روپے اور گیس 600 سے 1400 روپے کرنے کا ذکر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائٹ پیپر میں ملک پر صرف چار سال میں قرض 44 ہزار ارب روپے کرنے کا ذکر نہیں ہے، سال میں20 ہزار ارب روپے کا تاریخی قرض لینے کا ذکر نہیں ہے۔

وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ہم نے ایک سال میں تمہارے لئے قرض کے 11 ارب ڈالر واپس کئے۔ انہوں نے کہا کہ چار سال میں پاکستان کی تاریخ کے چار بد ترین بجٹ خساروں کا ذکر نہیں ہے، چار سال میں ہر ملک دوست کو ناراض کرنے کا ذکر نہیں، چار سال میں دو کروڑ لوگ غربت کے جہنم میں پھینکنے اور60 لاکھ بے روزگار کئے اس کا بھی ذکر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چارسال میں پاکستان کو دنیا کا تیسرا مہنگا ترین ملک بنانے والے کو وائٹ پیپر جاری کرتے شرم آنی چاہیے ۔چار سال میں ایک بھی یونٹ نئی بجلی اور گیس کا اضافہ نہ کرنے کا ذکر نہیں ہے ۔چار سال میں ملک کو پھر سے دہشت گردی کی نظر کرنے کا ذکر نہیں ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وائٹ پیپر میں فرح گوگی اور پنکی پیرنی کی لوٹ مار کا کوئی ذکر نہیں، پیپر میں خانہ کعبہ کے عکس والی گھڑی، پانچ قیراط کے ہیرے اور انگوٹھیوں کی تصاویر بھی شائع کرنی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ وائٹ پیپر میں آئی ایم ایف سے خود معاہدہ کرنے اور پھر اس کے ڈیفالٹ کرنے کا ذکر نہیں ہے، چار سال مہنگائی 4 فیصد سے 25 فیصد کرنے کا ذکر نہیں ہے، ترقی کی شرح 6.2 فیصد سے منفی 0.4 پر پہنچانے کا ذکر نہیں ہے۔ وائٹ پیپر میں کورونا کے 1200 ارب روپے کی چوری کا ذکر نہیں ہے فارن فنڈنگ ، گھڑی چور ٹیریان کے والد کا ذکر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائٹ پیپر میں صحافیوں کو گولیاں مارنے، پسلیاں توڑنے کا بھی ذکر نہیں ہے، رپورٹرز ود آئوٹ باڈرز سے میڈیا کے لئے پریڈیٹرز کا خطاب لینے کا ذکر نہیں ہے، وائٹ پیپر میں عوام کے 190 ملین پائونڈ پر ڈاکے ڈالنے کا ذکر نہیں ہے۔