14.9 C
Islamabad
ہفتہ, مارچ 15, 2025
ہومتازہ ترینپاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں ناکام بنائیں گے،ایم ایل ون...

پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں ناکام بنائیں گے،ایم ایل ون منصوبے کی تعمیر میں تاخیر اب برداشت نہیں کی جائے گی، وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی میڈیا سے گفتگو

- Advertisement -

لاہور۔14مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کو شام یا لیبیا بنانے کی سازشیں کرنے والے ناکام ہوں گے، جعفر ایکسپریس پر حملہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش تھی لیکن سکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا، ایم ایل ون منصوبے کی تعمیر میں تاخیر اب برداشت نہیں کی جائے گی۔

وہ جمعہ کے روز لاہور ریلوے سٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر سی ای او ریلوے عامر عزیز بلوچ، ڈی ایس ریلوے محمد حنیف گل اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جعفر ایکسپریس میں 427 مسافر سوار تھے، جن میں 8 خودکش حملہ آور بھی شامل تھے تاہم پاک فوج اور ایف سی اہلکاروں کی بہادری سے حملے کو ناکام بنا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن چاہتے ہیں کہ پاکستان میں بدامنی پھیلے، مگر قوم متحد ہے اور پاکستان کی افواج و عوام سیسہ پلائی دیوار ہیں۔

- Advertisement -

حنیف عباسی نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں، ہم کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان اور بھارت کی جانب سے پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، مگر ان کا ہر محاذ پر مقابلہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان میں موجود دہشت گرد وں کو مالی معاونت فراہم کر رہا ہے اور پاکستان کے خلاف سازشیں کررہا ہے تاہم ہماری سکیورٹی فورسز، سی ٹی ڈی، نیکٹا اور دیگر ادارے پوری طرح چوکس ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ریلوے میں اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

آئندہ ٹرینوں کی بروقت آمدورفت کو یقینی بنایا جائے گا،اگر کوئی ٹرین لیٹ ہوئی تو متعلقہ ڈی ایس کو اس کی ٹھوس وجہ بتا نا ہو گی خراب کوچز کو مرمت کر کے جلد ٹریک پر لایا جائے گا۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں ریلوے ٹریک کی بحالی کا آپریشن جاری ہے، جسے جلد ہی ٹرینوں کے لئے کھول دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر پنشن کے مسائل کے حل اور دیگر انتظامی امور پر فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

سی ای او ریلوے سے جلد میٹنگ ہو گی اور پنشن کے واجبات کو جلد از جلد کلیئر کیا جائے گا۔ایم ایل ون منصوبے پر بات کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ ایم ایل ون کی تعمیر میں تاخیر اب برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر بین الاقوامی شراکت دار نہیں ملتے تو یہ منصوبہ اپنے وسائل سے مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور ریلوے سٹیشن کو آوٹ سورس کرنے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ مسافروں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کی بدولت زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے، جو معیشت کے استحکام کی نشانی ہے۔میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ میڈیا ہمارا دیرینہ ساتھی ہے، جو ہمیشہ قومی بیانیے کو مضبوط کرنے میں حکومت کا ساتھ دیتا رہا ہے۔ ہم میڈیا کی رہنمائی اور تعاون کے معترف ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی عوام، حکومت، اور افواج متحد ہیں۔ دشمن کو ہر محاذ پر شکست دیں گے اور پاکستان کو ترقی و استحکام کی راہ پر گامزن کریں گے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے لاہور ریلوے سٹیشن کا دورہ کیا ۔ انہوں نے ریلوے پولیس ہیلپ سنٹر اور فیملی ویٹنگ روم میں مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور ریلوے حکام کو سہولیات میں بہتری لانے کی ہدایات جاری کیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572781

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں