15.5 C
Islamabad
اتوار, مارچ 16, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان کو نالج اکانومی بنایا جائے گا، غریب بچوں کو معیاری اور...

پاکستان کو نالج اکانومی بنایا جائے گا، غریب بچوں کو معیاری اور اعلیٰ تعلیم کی فراہمی بھی حکومت کا فرض ہے، احسن اقبال

- Advertisement -

اسلام آباد۔15مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ غریب بچوں کو اعلیٰ تعلیم کی فراہمی حکومت کا فرض ہے، پاکستان کو نالج اکانومی بنائیں گے، دانش یونیورسٹی کو جدید تعلیمی خطوط پر استوار کیا جا ئے گا، دانش یونیورسٹی کا دنیا کے بہترین تعلیمی اداروں کے ساتھ تعلق قائم کیا جائے گا، نوجوان دانش یونیورسٹی سے مستفید ہوں گے، اپلائیڈ ریسرچ کے ذریعے ٹیکنالوجی کی منتقلی کو یقینی بنایا جائے گا۔

ہفتہ کو یہاں دانش یونیورسٹی آف ایمرجنگ سائنسز کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ منصوبہ کا تعارف پیش کرنے پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تعلیم دوست وژن کی بنیاد پر پنجاب میں دانش سکول قائم کئے اور دنیا کے جنوبی حصہ میں سب سے بڑا انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا جس سے لاکھوں غریب نادار طالب علموں کو بہترین اور معیاری تعلیم فراہم کی جو وسائل کی عدم دستیابی کی وجہ سے کبھی بھی زندگی میں اعلیٰ تعلیم کا خواب نہیں دیکھ سکتے تھے۔

- Advertisement -

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ دانش سکول منصوبہ سے طلبا وطالبات کو یہ موقع دیا گیا کہ وہ سکالر شپس پر اپنے خوابوں کی تعبیر حاصل کرسکیں اور پاکستان سمیت دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سقراط اور بقراط ٹی وی پر بیٹھ کر دانش سکول منصوبہ پر تنقید کرتے تھے لیکن وزیراعظم اپنے وژن پر مضبوطی سے کار بند تھے کہ اگر اشرافیہ کے بچوں کےلئے ایچی سن کالج ہے تو غریبوں کے بچوں کےلئے بھی ایچی سن کالج کی طرز پر اعلیٰ تعلیمی اداروں کی فراہمی ان کا حق ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پھر یہ خواب حقیقت بنا اور دانش سکولوں کے بچوں اور بچیوں نے آسمان کی بلندی کو چھوا۔ دانش یونیورسٹی ، دانش سکولوں کا نیکسٹ لیول ہے، پاکستان کو نالج اکانومی بنانے کےلئے ایک ایسے ادارے کی بنیاد رکھی جارہی ہے جو ملک کو انڈسٹریل ریولیوشن 4.0 اور 5.0 کےلئے نہ صرف تیار کرے گا بلکہ وہ افرادی قوت فراہم کرے گا جو آنے والے وقت میں پاکستان کےلئے ایمرجنگ سائنسز میں نوبل انعام جیتنے کے حقدار قرار پائیں گے۔

انہوں نےکہا کہ دانش یونیورسٹی کو پاکستان میں ایڈوانس اپلائیڈ ریسرچ یونیورسٹی کے طور پر تخلیق کیا جا رہا ہے جس کا مقصد مصنوعی ذہانت اور بائیو ٹیکنالوجیز سے لے کر پائیدار اور قابل اعتماد توانائی اور آٹومیشن ، روبوٹکس، سپیس سائنسز اور تمام نئی ایمرجنگ ٹیکنالوجیز اور سائنسز میں اپلائیڈ ریسرچ کے ذریعہ ایک ایسے پلیٹ فارم کا قیام ہے جو ملک میں اکیڈمیا اور انڈسٹری کے خلیج کو پر کرے۔

اس کے نتیجے میں پاکستان میں ٹیکنالوجی ٹرانسفر ہو۔ ایجادات کا آغاز ہو اور ہمارے اس ادارے سے ٹیکنالوجی پر مبنی سٹارٹ اپس پیدا ہوں اور ہم دنیا کے بہترین ٹیکنالوجی اداروں سے شراکت داری کے ذریعے ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کو یقینی بنائی۔ دانش یونیورسٹی مستقبل میں پاکستان کو ہر شعبہ کے قائدین فراہم کرے گی۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572960

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں