صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا ویڈیو لنک کے ذریعے آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ پاکستانی نژاد امریکیوں کے ساتھ اجلاس سے خطاب

133

اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کو کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش مقام بنانے کے سلسلے میں غیر ملکی کمپنیوں کے لیے رجسٹریشن کے طریقہ کار کو مزید آسان بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز ضابطے کی کارروائی سے متعلق مسائل کو حل کریں اور پاکستان میں کاروبار کے خواہشمند غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے آئی سی ٹی سیکٹر میں بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے اور یہ ضروری ہے کہ اس اہم شعبے میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے جبکہ ملک میں موجود مواقع کو خاص طور پر امریکہ میں مقیم پاکستانی نژاد آئی ٹی سرمایہ کاروں کے لئے مؤثر طریقے سے اجاگر کیا جائے۔

صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو ایوان صدر سے ویڈیو لنک کے ذریعے آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ پاکستانی نژاد امریکیوں کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی برائے سی پیک امور خالد منصور، سیکرٹری وزارت ٹی اینڈ ٹیلی کام ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت، چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ محمد اظفر احسن، سیکریٹری سرمایہ کاری بورڈ فارینہ مظہر، چیئرمین اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی عامر ہاشمی، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر خالدہ حبیب اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔

امریکہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان اور امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ارکان بشمول ڈاکٹر نوید شیروانی، معظم چوہدری، سلیم احمد، ادریس کوٹھاری، احسن سہیل، وحید قریشی، عامر خان، احمد ایوب اور فیصل سہیل ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں متعلقہ سرکاری اداروں کی جانب سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

ایس ای سی پی کی جانب سے اجلاس کو بتایا گیا کہ رجسٹریشن کے عمل کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعے آسان بنا دیا گیا ہے اور اب کمپنیاں ایس ای سی پی کے ای سروسز پورٹل کے ذریعے آن لائن رجسٹر ہو سکیں گی۔ چیئرمین اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی نے بتایا کہ اتھارٹی بہترین بین الاقوامی طریقوں کے مطابق ٹیکنالوجی کلسٹرز تیار کرنے کے عمل میں ہے جو کمپنیوں کو پاکستان کے آئی سی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے کے قابل بناتی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ غیر ملکی کمپنیوں نے 570 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا عہد کیا ہے جس سے ملک میں 15,000 ملازمتیں پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت اور سرمایہ کاری نے بتایا کہ جولائی تا دسمبر 2021 کے دوران پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں 36 فیصد اضافہ ہوا ہے اور برآمدات کو بڑھانے کے لیے اس شعبے کو مزید ترقی دینے کی کوششیں جاری ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے ایس ای سی پی، اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی، وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کام اور بورڈ آف انوسٹمنٹ کی جانب سے پاکستان میں کاروبار کرنے کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سہولت اور حوصلہ افزائی کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔

انہوں نے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے درمیان کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی تاکہ طریقہ کار سے متعلق مسائل کو حل کیا جا سکے جس سے آئی سی ٹی کی برآمدات کو بڑھانے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مدد ملے گی۔