پاکستان کی ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت

120
Foreign Office
Foreign Office

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):پاکستان نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اسرائیل کی بلاجواز اور ناجائز جارحیت کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجی حملے اسلامی جمہوریہ ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی اور اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے بنیادی اصولوں کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت ایران کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایرانی عوام کے ساتھ پرعزم یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور واضح طور پر اس اشتعال انگیزی کی مذمت کرتا ہے جو پورے خطے اور اس سے باہر کے امن، سلامتی اور استحکام کے لئے ایک سنگین خطرہ ہے اور سنگین مضمرات کی حامل ہے۔ بیان میں مزید کہاگیا ہے کہ بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون کی پاسداری کو یقینی بناتے ہوئے اس جارحیت کو فوری طور پر روکیں اور جارح کو اس کی کارروائیوں کا جوابدہ ٹھہرائیں۔