اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستان نے 200.7 ٹن امدادی اشیاء ترکیہ بھیجی ہیں جن میں 18 ٹن کمبل بھی شامل ہیں جو برادر ملک ترکیہ کے متاثرین زلزلہ کیلئے روانہ کئے گئے ہیں۔
ترکیہ کی حکومت نے سخت سردی کا سامنا کرنے والے زلزلہ سے متاثرہ لاکھوں افراد کیلئے خیموں کی درخواست کی ہے۔ قومی فضائی کمپنی (پی آئی اے) کی مختلف پروازوں کے ذریعے 200.7 ٹن امدادی اشیاء ترکیہ روانہ کی گئی ہیں جن میں متاثرین زلزلہ کو سردی سے بچانے کیلئے کمبل بھی شامل ہیں۔ ترکیہ بھیجے جانے والے امدادی سامان میں خیمے، کمبل اور دیگر امدادی اشیاء شامل ہیں۔
ترکیہ کے وزیر صحت نے زلزلہ کے حوالہ سے تازہ ترین اعدادوشمار کے حوالہ سے میڈیا کو بتایا کہ زلزلے میں 20 ہزار 213 سے زیادہ افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ ملک کے دس متاثرہ صوبوں میں 80 ہزار 52 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ربل میں 67 افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ میں خوفناک زلزلہ کے دو جھٹکوں کے بعد اب تک 1666 آفٹر شاکس ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ترکیہ دو فالٹ لائنز پر واقع ہے اور 1939 کے بعد آنے والے زلزلوں میں حالیہ دونوں زلزلے انتہائی شدید نوعیت کے تھے جن میں سے پہلے زلزلہ کی شدت 7.8 جبکہ دوسرے کی شدت 7.5 ریکارڈ کی گئی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=350875