ترکیہ و شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان کی جلد ترسیل یقینی بنائی جائے ،احسن اقبال

237
احسن اقبال
جامع ترقی کے لئے سیاسی استحکام اور پالیسیز کا تسلسل ناگزیر ہے ، وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال کا وزارت منصوبہ بندی و ترقی کی کارکردگی رپورٹ کے اجراکی تقریب سے خطاب

اسلام آباد۔ 16 فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے این ڈی ایم کو ہدایت کی ہے کہ ترکیہ اور شام میں زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان کی جلد از جلد ترسیل کو یقینی بنایا جائے جبکہ امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے نجی اداروں کی راہ میں حائل انتظامی مشکلات کو دور کرنے کے لیے بھی متعلقہ ادارے اپنا کردار ادا کریں

،امدادی سرگرمیوں میں نوجوانوں اور کاروباری طبقے کی متحرک شرکت بھی یقینی بنائی جائے ۔جمعرات کو یہاں نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر( این سی او سی ) کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام آزمائش کی ان گھڑیوں میں ترکیہ و شام کے زلزلہ متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،پاکستان کی حکومت اور عوام تمام تر مالی مشکلات کے باوجود امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے این ڈی ایم ، پی آئی اے سمیت متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ امدادی سامان کی جلد از جلد متاثرین تک ترسیل کو یقینی بنایا جائے

، ایچ ای سی اور صوبائی حکومتیں امدادی سرگرمیوں میں نوجوانوں کی شرکت یقینی بنائیں جبکہ تمام چیمبر آف کامرس اور کاروباری برادری کو بھی امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے آن بورڈ لیا جائے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ ترکیہ نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا ،گزشتہ سال سیلاب کے دوران ترک حکومت نے عوامی سطح پر پاکستان کی مدد کے لیے مہم چلائی۔ پاکستان میں ادویہ بنانے والی کمپنیاں متاثرین کے لئے ضروری ادویات اور فرسٹ ایڈ کٹس کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔

اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اشیائے خورد و نوش اور ادویات عالمی معیار پر پوری اترتی ہوں۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے این ڈی ایم حکام نے بتایا کہ اس وقت تک 20 پروازوں کے ذریعے امدادی سامان ترکی و شام پہنچا یا جا چکا ہے جن میں پاکستان ائیر فورس کے4جہاز ، پی آئی اے کے 13اور ترک ائیر لائن کے 3 جہاز شامل ہیں ۔پی آئی اے کے مزید 3 جہاز امدادی سامان لے جانے کے لیے تیار ہیں

، این ایل سی حکام نے بتایا کہ تفتان کے راستے امدادی سامان کے 21 ٹرک روانہ کردئیے گئے ہیں جو 22 فروری تک ترکیہ پہنچ جائیں گے ۔پاک نیوی حکام نے بتایا کہ پاک نیوی کا بحری جہاز امدادی سامان لے کر 28 فروری کو روانہ ہوگا۔ اجلاس میں این ڈی ایم اے، این ایل سی، وزارت خارجہ ، وزارتِ اطلاعات و نشریات صوبائی حکومتوں اور وزارت منصوبہ بندی کے حکام نے بھی شرکت کی ۔