پاکستان کی حکومت معاشی اصلاحات کے ذریعے ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے کوششیں کر رہی ہے،وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

135

اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ پاکستان کی حکومت معاشی اصلاحات کے ذریعے ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے کوششیں کر رہی ہےجن میں نجی شعبے کی شراکت داری، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، اور روپے کی قدر میں بہتری شامل ہیں، یہ اقدامات نہ صرف معاشی استحکام کی راہ ہموار کر رہے ہیں بلکہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بھی اہم ہیں۔

ان خیا لات کااظہا را نہوں نے جمعرات کو پاکستان سعودی عرب بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات کو مضبوط کرنے اور سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے کے حوالے سے اہم ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستانی معیشت کے استحکام کی کوششیں جاری ہیں، جو کہ ملکی ترقی کے لیے ایک مثبت اشارہ ہیں۔وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کا کردار کاروبار کرنا نہیں بلکہ نجی شعبے کو سہولت فراہم کرنا ہے۔انہوں نے بزنس ٹو بزنس (B2B) ماڈل کے ذریعے تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے سعودی عرب کے مندوبین کا خیرمقدم کیا۔وفاقی وزیر خزانہ و محصولات نے گزشتہ 12-14 مہینوں میں معاشی استحکام میں نمایاں پیش رفت کا حوالہ دیا۔

پاکستان نے بنیادی سرپلس حاصل کیا، اپنے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو 1 بلین ڈالر سے کم کر دیا، اپنی کرنسی کو مستحکم کیا، اور دو ماہ کی درآمدات کو پورا کرنے کے لیے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیا۔وزیر نےکہاکہ ان فوائد کو رواں مالی سال میں ترسیلات زر، برآمدات میں اضافے اور افراط زر میں 38 فیصد سے 6.9 فیصد تک کمی کے ساتھ مضبوط کیا گیا ہے۔ پالیسی ریٹ میں کمی سے کاروباروں کو بھی فائدہ ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو اپ گریڈ کر دیا گیا ہے تاہم کم از کم پر شرح حاصل کرنے کے لیے مزید کچھ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج ریکارڈ بلندی پر پہنچ گئی، اور آئی ایم ایف کے بورڈ نے ملک کے لیے توسیعی پروگرام کی منظوری دے دی۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام میں میکرو اکنامک میں استحکام لانا اور دوسرا ڈھانچہ جاتی اصلاحات کا نفاذ شامل ہے۔انہوں نے ساختی اصلاحات، پائیدار ترقی اور ٹیکس اصلاحات کو فروغ دینے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہاکہ پاکستان سرمایہ کاری کے حوالے سے مثبت اور حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے کاروباری مواقع کو اجاگر کیا اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان عالمی اقتصادی منظرنامے میں ایک پرکشش مقام کے طور پر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد نجی شعبے کی صلاحیتوں کو بڑھانا اور معیشت کی ترقی میں اس کے کردار کو مزید مستحکم کرنا ہے۔