پاکستان کی سویڈن میں قرآن پاک کی سرعام بے حرمتی کے اسلامو فوبیا پر مبنی ایک اور واقعہ کی شدید مذمت

134
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے "عوام کے حق خود ارادیت کے عالمی حصول"سے متعلق پاکستان کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی

اسلام آباد۔20جولائی (اے پی پی):پاکستان نے سویڈن میں قرآن پاک کی سرعام بے حرمتی کے اسلامو فوبیا پر مبنی ایک اور واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ آزادی اظہار،رائے اور احتجاج کی آڑ میں مذہبی منافرت کی سوچی سمجھی اور اشتعال انگیز کارروائیوں کی اجازت کو جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔

بین الاقوامی قانون واضح طور پر ریاستوں کو مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر نفرت، امتیازی سلوک اور تشدد کے لیے جان بوجھ کر اکسانے کی روک تھام اور ممانعت کرنے کا پابند کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اس طرح کے اسلامو فوبک واقعات کا پریشان کن اعادہ، جس نے دنیا بھر میں 2 ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے، قانونی اور اخلاقی طور پر قابل مذمت ہے۔

پاکستان عالمی برادری سےاسلامو فوبیا کے ان واقعات کی واضح طور پر مذمت کرنے، مذہبی منافرت کو ہوا دینے والوں کو تنہا کرنے، مذاہب، عقائد اور ثقافتوں کے درمیان باہمی احترام، رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ سویڈش حکام نفرت اور اشتعال انگیزی کی ایسی کارروائیوں کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔ تازہ ترین واقعے پر پاکستان کے تحفظات سے سویڈش حکام کو آگاہ کیا جا رہا ہے۔