پاکستان کی عیدالاضحیٰ کے موقع پر سویڈن کی مسجد کےباہر قرآن پاک کوسرعام نذرآتش کرنے کے مذموم اورمکروہ فعل کی شدیدالفاظ میں مذمت

112
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے "عوام کے حق خود ارادیت کے عالمی حصول"سے متعلق پاکستان کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی

اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):پاکستان نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر سویڈن میں ایک مسجد کے باہر قرآن پاک کو سرعام نذرآتش کرنے کے مذموم اور مکروہ فعل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ جمعرات کو دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آزادی اظہار اور احتجاج کی آڑ میں امتیازی سلوک، نفرت اور تشدد کے لئے اس طرح کے جان بوجھ کر اکسانے کے اقدام کو جائز قرار نہیں دیا جاسکتا۔

بیان کے مطابق بین الاقوامی قانون کے تحت ریاستوں کا فرض ہے کہ وہ مذہبی منافرت کی کسی بھی وکالت پر پابندی عائد کریں جو تشدد کو بھڑکانے کا باعث بنے، مغرب میں گذشتہ چند ماہ کے دوران اس طرح کے اسلامو فوبک واقعات کا ہونا اس قانونی فریم ورک پر سنگین سوال اٹھاتا ہے جو نفرت پر مبنی کارروائیوں کی اجازت دیتا ہے۔

بیان میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ آزادی اظہار اور رائے کا حق نفرت کو ہوا دینے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو سبوتاژ کرنے کا لائسنس فراہم نہیں کرتا۔ دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ واقعہ پر پاکستان کے تحفظات سویڈن تک پہنچائے جا رہے ہیں، ہم ایک بار پھر زور دیتے ہیں کہ بین الاقوامی برادری اور قومی حکومتوں دونوں پر لازم ہے کہ وہ زینو فوبیا، اسلامو فوبیا اور مسلم دشمنی کے بڑھتے ہوئے واقعات کو روکنے کے لئے قابل اعتماد اور ٹھوس اقدامات کریں۔