30.5 C
Islamabad
بدھ, مئی 21, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان کی غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید ترین الفاظ میں...

پاکستان کی غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید ترین الفاظ میں مذمت

- Advertisement -

اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):پاکستان نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینیوں کی شہادت کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر انخلاءکے احکامات، ہسپتالوں اور دیگر اہم انفراسٹرکچر کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق غزہ میں اسرائیل کی زمینی کارروائیوں میں توسیع کے ساتھ ساتھ پورے غزہ کو اپنے کنٹرول میں لینے کا اسرائیلی اعلان، خطے میں امن اور استحکام کے حصول کی کوششوں کے لئے ایک سنگین خطرہ ہے۔

بیان کے مطابق اسرائیل جان بوجھ کر اہم انسانی امداد کو لاکھوں کی اشد ضرورت تک پہنچنے سے روکتا ہے جو کہ محصور فلسطینی عوام پر اجتماعی سزا مسلط کرنے کے مترادف ہے۔ ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے حال ہی میں موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا، غزہ میں ہر پانچ میں سے ایک شخص کو غذائی قلت اور پوری آبادی کو شدید غذائی عدم تحفظ اور قحط کے خطرے کا سامنا ہے۔

- Advertisement -

ترجمان نے کہا کہ قابض طاقت کے یہ تازہ ترین اقدامات ایک بار پھر اسرائیلی استثنیٰ اور بین الاقوامی قانون اور انسانی اصولوں کی صریح بے توقیری کو ظاہر کرتے ہیں۔ پاکستان نے عالمی برادری سے اسرائیل کی نسل کشی کی مہم کو فوری طور پر بند کرنے اور غزہ میں دیرپا جنگ بندی کو یقینی بنانے کے لئے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا ہے جبکہ پاکستان نے شدید ضرورت والے لاکھوں فلسطینیوں کو بلا روک ٹوک انسانی امداد کی فراہمی کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ اسرائیل کو اس کے گھنائونے جرائم کے لئے جوابدہ ٹھہرانے پر بھی زور دیا۔ بیان کے مطابق پاکستان فلسطینیوں کو ان کی آبائی سرزمین سے بے گھر کرنے، غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کو بڑھانے یا مقبوضہ فلسطینی سرزمین کے کسی بھی حصے کو ضم کرنے کی کسی بھی کوشش کی اپنی واضح مخالفت کا اعادہ کرتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کے لئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ایک آزاد، قابل عمل اور متصل فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتا ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599349

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں