پاکستان کی فلپائن میں منعقدہ 59ویں ایشیا اور پیسیفک ریجنز ڈی جی سی اے کانفرنس میں شرکت

88
Pakistan Civil Aviation Authority
Pakistan Civil Aviation Authority

سیبو۔18اکتوبر (اے پی پی):پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ڈی جی نادر شفیع ڈار کی قیادت میں تین رکنی وفد نے 59ویں ڈی جی سی اے کانفرنس میں شرکت کی جس کا موضوع ’’ہوا بازی کے مستقبل کی تشکیل: پائیدار، لچکدار، اور جامع‘‘ تھا۔

ترجمان پاکستان سول ایویشن اتھارٹی کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق کانفرنس کی میزبانی فلپائن کے ڈی جی سی اے نے کی جو 14 سے 18 اکتوبر 2024 تک سیبو میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس کے دوران، پاکستانی وفد نے متعدد ضمنی میٹنگز کیں جس کا مقصد ایشیا پیسفک خطے میں ریگولیٹری حکام کے ساتھ تعاون کو بڑھانا تھا۔ ان ملاقاتوں میں دوسری ریاستوں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے سی اے اے ملازمین کے لیے تربیت اور ان کی استعداد کار میں اضافے کے مواقع پر نتیجہ خیز گفتگو ہوئی۔

پاکستانی وفد نے ایوی ایشن سیفٹی اور ایئر نیویگیشن پر تین ڈسکشن پیپرز بھی پیش کئے، جنہیں اچھی پذیرائی ملی اور رکن ممالک کی جانب سے بھرپور حمایت حاصل ہوئی۔ اس کے علاوہ، وفد نے برطانوی سول ایوی ایشن انسٹیٹیوٹ ، سنگاپور ڈی جی سی اے، ٹرانسپورٹ کینیڈا،متحدہ عرب امارات کی جی سی اے اے ، فرانس کی جی سی اے اے، افالپا، فلائٹ سیفٹی فاؤنڈیشن، اور سری لنکا اور نیپال کے ڈی جی سول ایوی ایشن اور نمائندوں کے ساتھ اہم ملاقاتیں کیں۔ ڈی جی پاکستان سی اے اے نادر شفیع ڈار نے اہم ایجنڈا آئٹمز پیش کئے جانے کے دوران موڈریٹر ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

ان آئٹمز میں مستقبل کی ڈی جی سی اے کانفرنسوں کا شیڈول، اکائو کے ریاستی سٹیٹ لیٹر پراسس میں مواصلات اور انگیجمنٹ کو بڑھانا، اکائو کونسل کی توسیع، 2025 کے لیے میٹنگز، سیمینارز، ورکشاپس کا شیڈول، 60ویں ڈی جی سی اے کانفرنس کے لیے تھیم کی تجویز ، موجودہ کانفرنس کے ایکشن آئٹمز کی توثیق شامل ہیں۔ فلپائن میں 59ویں ایشیا اور پیسیفک ریجنز ڈی جی سی اے کانفرنس میں پاکستان کی بھرپور شرکت، بین الاقوامی شہری ہوابازی تعاون میں اس کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کرتی ہے۔