اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت بحالی کی سمت گامزن ہے، حکومت نے عوام کی معاشی حالت کو بہتر بنانے کی کوششوں پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے، ملک پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور تمام میکرو اکنامک اشاریے، خوردنی اشیاءکی قیمتوں میں کمی اور جی ڈی پی میں اضافہ کے ساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ نائب وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہاربدھ کو یہاں مالیاتی موبائل ایپلی کیشن ”لائیو بوگو“کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ ایشیا میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی مارکیٹ رہی ہے جبکہ معتبر عالمی اداروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت بحالی کی سمت گامزن ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں اپنے ماضی کا خود جائزہ لینے اور اس بات پر غور کرنے کی ضرورت ہے کہ کس طرح صحیح راستے پر چلا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی حکمت عملی نجی شعبے کے ذریعے پیداواری صلاحیت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے اور حکومت نے اس مقصد کے لئے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کے لیے سہولت کا کام کیا ہے۔ محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ ملک میں ہوائی اڈوں کو آئوٹ سورس کیا جارہا ہے، جب برطانیہ یہ کرسکتا ہے تو بہتر خدمات کی فراہمی کے مقصد سے یہاں کیوں نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے اخراجات کو کم کرنے پر بھی توجہ دے رہی ہے، اگرچہ بہت کچھ کیا جاچکا ہے لیکن اس کے باوجود ملک میں اب بھی بے پناہ امکانات اور وسیع مواقع موجود ہیں۔
نائب وزیر اعظم نے معاشی استحکام کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اتحاد، محنت اور درست سمت میں آگے بڑھنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے چند مہینوں کے بعد مہنگائی کی شرح 7 فیصد کے قریب آگئی ہے جبکہ مانیٹرنگ پالیسی ریٹ میں بھی کمی کی گئی ہے ۔ ڈیجیٹل ایپ کے اجراءکے بارے میں نائب وزیر اعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگی کی خدمات اور جدید ماڈلز جیسے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت اور اس کے مالیاتی منظر نامے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل اور خوشحال پاکستان کا وژن رکھتی ہے اور وہ معیشت کے استحکام کے لیے تمام اقدامات کر رہی ہے۔
محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ ملک کی آبادی 30 سال سے کم عمر کے نوجوانوں کا 67 فیصد پر مشتمل ہے، تکنیکی شعبوں میں اختراعی نظریات کمیونٹیز کی زندگیوں کو تقویت اور ترقی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو معدنیات کی وسیع دولت سے نوازا ہے جس کی تکمیل اس کے آئی ٹی اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں نے کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ناول ڈیجیٹل مالیاتی پروگراموں نے ہمیشہ صارفین اور کاروباروں کو فائدہ پہنچا کر اور مزید شفافیت اور جوابدہی لا کر پاکستان کی سماجی اور تکنیکی ترقی میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔