پاکستان کی معیشت میں بتدریج بہتری آ رہی ہے، نمائندہ آئی ایم ایف

134

اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میں عالمی مالیاتی فنڈ( آئی ایم ایف) کی نمائندہ ایسٹر پیریز روئز نے کہاہے کہ پاکستان کی معیشت میں بتدریج بہتری آ رہی ہے، حالیہ اقتصادی استحکام کی پاکستان میں بڑی اہمیت ہےاسے کم نہ سمجھا جائے، 2023 کے سٹینڈ بائی ارینجمنٹ نے آئی ایم ایف کی حمایت اور اقتصادی استحکام کے عزم کو مضبوط کیا،پالیسی سازی پر اعتماد میں بہتری، معاشی ترقی کی بحالی، اور افراط زر میں نمایاں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام پاکستان میں معیار زندگی اور معاشی استحکام میں اضافے کے حوالے سےمکالمہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی معیشت کے استحکام کی صورتحال میں بتدریج بہتری آ رہی ہےتاہم مائیکرو اور میکرو اقتصادی استحکام کا توازن برقرار رکھنا ایک اہم چیلنج ہے،اس کے لئے حکومت کو مؤثر اقتصادی پالیسیاں اپنانا ہوں گی، سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہوگا، اور معاشرتی و اقتصادی اصلاحات کو عملی جامہ پہنانا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ عالمی مالیاتی بینک پاکستان کی معاشی اصلاحات کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور اس بات کا عندیہ دے رہا ہے کہ ملک میں معاشی حالات کو بہتر بنانے کے لیے جاری کوششیں مثبت سمت میں جا رہی ہیں،ان کوششوں کے نتیجے میں پاکستان کی معیشت کی بحالی اور استحکام کی امید کی جا رہی ہے، جو کہ ملک کی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے۔

نمائندہ آئی ایم ایف نے کہاکہ 2023 سے معاشی حالات میں استحکام کیلئے کی جانے والی کوششیں قابل ستائش ہیں،2023 میں ذخائر میں بہتری اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کی پالیسی ریٹ میں کمی کے مثبت اثرات مرتب ہوئے،2024 کے ای ایف ایف کی کامیاب عملدرآمدی کے لئے مضبوط پالیسیوں کی ضرورت ہے ۔

ایسٹر پیریز نے کہاکہ نجی شعبے کیلئے قرضہ جات کی حوصلہ افزائی اور مالیاتی استحکام کے لئے مضبوط حکمت عملی تیار کرنا ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ توسیعی فنڈ سہولت (ای ای ایف) کا مقصد پاکستانی عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔ یہ آئی ایم ایف کا 21 واں پروگرام ہے جس پر پاکستان میں عملدرآمد ہو رہا ہے۔

2023 میں معیاری بندوبست سے پاکستان نے معاشی بحالی کی طرف پہلا قدم بڑھایا۔2023 کے وسط سے معاشی پالیسی میں خوداعتماد ی آئی ہے، مہنگائی میں نمایاں کمی اور ذخائر میں اضافہ ہوا ہے۔ایسٹر پیریز نے کہاکہ 2024 کے ای ای ایف میں معاشی بحالی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، نئے محصولات کے اہداف اور صوبوں کی شمولیت پر مبنی مالیاتی معاہدہ تجویز کیا گیا ہے۔

نمائندہ آئی ایم ایف نے مزید کہا کہ پاکستان توانائی کے شعبے میں قیمتوں کی اصلاحات کے ساتھ معاشی ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جائے گا۔