اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):یو نائیٹڈ بزنس گروپ (ایف پی سی سی آئی) کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے کاروباری برادری میں تعاون اور یکجہتی ضروری ہے،محنت اور دیانتداری سے اپنے کاروبار اور شخصیت کو برانڈ بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈ اینڈ سمال انڈسٹریز کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ظفر بختاوری نے اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈ اینڈ سمال انڈسٹریز (آئی سی ایس ٹی ایس آئی) کے فائونڈر گروپ کے نومنتخب چیئرمین ثاقب عباسی کو مبارکباد دی اور گلدستہ پیش کیا۔ قائم مقام صدر آئی سی سی آئی ناصر محمود چوہدری، قائم مقام نائب صدر راجہ نوید اختر ستی، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین، ذوالقرنین عباسی، روحیل انور بٹ، ملک محسن خالد،سابق ایگزیکٹو ممبر امتیاز عباسی، عمران بخاری، طاہر عباسی اور نثار مرزا بھی ان کے ہمراہ تھے۔
آئی سی ایس ٹی ایس آئی آمد پر قاضی الیاس،رائو جاوید،سردار ظہیر،ساجد اقبال،رضوان صدیقی اور دیگر نے ظفر بختاوری کی زیر قیادت وفدکا پرتپاک استقبال کیا۔ ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں تاج عباسی اور قاضی الیاس کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ثاقب عباسی اور اویس ستی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کو رول ماڈل بنانے کیلئے اتحاد پیدا کرنا ہوگا،متحد ہوں گے تبھی ہماری آواز سنی جائیگی،ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ ہم اپنے ملک کی معیشت کو بہتر بنا سکیں،چیمبر آف سمال ٹریڈ اینڈ سمال انڈسٹریز نے ہمیشہ کاروباری برادری کی بہتری کے لیے کام کیا ہے، فائونڈر گروپ کا نیا چیئرمین منتخب ہونے پر ثاقب عباسی کو مبارکباد دیتا ہوں اور میں امید کرتا ہوں کہ وہ اپنے عہدے پر کام کرتے ہوئے اس چیمبر کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ثاقب عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد کاروباری کمیونٹی کے اندر اتحاد کو فروغ دینا ہے، اس نئے سفر کا آغاز کرتے ہوئے یہ ضروری ہے کہ ہم یہ سمجھیں کہ مشترکہ کوششوں سے ہی ہم ترقی اور کامیابی کی طرف قدم بڑھا سکتے ہیں۔ کاروباری رہنمائوں کے طور پر ہمارا فرض ہے کہ ہم دوسروں کے لیے مواقع پیدا کریں اور ان کے ساتھ مل کر ترقی کریں،ظفر بختاوری کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ہمارے چیمبر کا دورہ کیا اور اپنے خوبصورت الفاظ اور تعاون سے نوازا، قاضی الیاس نے اپنے دور میں شاندار قیادت فراہم کی۔ ہم جس بنیاد پر کھڑے ہیں وہ ان کی محنت کا نتیجہ ہے اور ہم اس ورثے کو آگے بڑھائیں گے۔ آئی سی ایس ٹی ایس آئی کے سبکدوش ہونے والے چیئرمین فائونڈرگروپ قاضی الیاس نے اپنے خطاب میں چیمبر کے اراکین کی محنت اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ آج ہمیں مل کر شہر کی ترقی کے لیے کام کرنا ہوگا۔ اگر ہم سب ایک ساتھ ہوں تو ہمیں مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور ہم اپنے اہداف حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے ظفر بختاوری اور ان کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور چیمبر کی مزید ترقی کے لیے ان کے تعاون کی امید ظاہر کی۔ چیمبر کے نومنتخب صدر اویس ستی نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہماری کوشش یہ ہونی چاہیے کہ ہم شہر کے اندر یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھیں۔ اگر ہم سب مل کر کام کریں گے تو نہ صرف شہر بلکہ ملک کی معیشت بھی مضبوط ہو گی۔
ملاقات کے شرکاء نے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ ہم سب مل کر ملک کی اقتصادی ترقی کے لیے کام کریں گے،ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے کاروباری برادری کو مزید یکجا اور فعال بنایا جائے گا۔